پانامہ فیصلے کے بعد (ن) لیگ کا بھرپور جشن ، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں،ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے، قیادت کے حق میں نعرے بازی

پی ٹی آئی فیصلے میں کم از کم وزیرا عظم کی نا اہلی کی امید لگائے بیٹھی تھی ، جشن کی تیاریاں دھری کی دھری رہ گئیں،سر گرمیاںدیکھنے میں نہ آئیں (ن) لیگ کے دفاتر ‘مختلف شاہراہوں پر جشن کا سماں، ایک دوسرے کو گلے مل کر مبارکبادیں دی گئیں،آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیاگیا لیگی کارکن رو عمران رو کے نعرے لگاتے رہے ، کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئی(ن) لیگ ،پی ٹی آئی کے دفاتر ،اہم شاہراہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی

جمعرات 20 اپریل 2017 16:26

لاہور/اسلام آباد/راولپنڈی /گوجرانوالہ/فیصل آباد/سیالکوٹ /قصور /شیخوپورہ ( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن ) کی طرف سے پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں بھرپورجشن منایا گیا ، صوبائی وزراء ، مرکزی و صوبائی رہنمائوں اور کارکنوں نے خوشی میں ایک دوسرے کو گلے مل کر مبارکباد دی ، اس موقع پر منوں کے حساب سے مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ،مرد و خواتین کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے جبکہ رو عمران رو کے نعرے بھی لگائے جاتے رہے ، پانامہ فیصلے میں وزیر اعظم کی نا اہلی کی امید لگانے والی پی ٹی آئی کی طرف سے سر گرمیاں دیکھنے میں نہ آئیں ،کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے (ن) لیگ ، پی ٹی آئی کے دفاتر اور اہم شاہراہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پانامہ کیس کا فیصلہ سنانے کے لئے دو بجے کے مقررہ وقت سے قبل ہی مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے رہنمائوں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد مقررہ مقامات پر جمع ہو گئی اور فیصلے کا بے صبری سے انتظار کیا جانے لگا ۔ فیصلہ آتے ہی (ن) لیگ کے کارکنوں نے اپنی قیادت کے حق میں اور پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی ۔ اس موقع پر صوبائی وزراء ، مرکزی و صوبائی رہنما اور کارکن نے ایک دوسرے کو گلے مل کر مبارکباد دیتے رہے ۔

لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی مٹھائیاں لینے دکانوں پر پہنچ گئی اور ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کے دوران منوں کے حساب سے مٹھائیاں خرید کر کارکنوں اور عوام میں تقسیم کر دی گئیں ۔لیگی کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے اور قیاد ت کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے مختلف شاہراہوں پر نکل آئے جس سے ٹریفک کے نظام میں بھی خلل آیا ۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے انتخابی حلقے میں فیصلے کی خوشی میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا ۔

مسلم لیگ (ن) کے اراکین و صوبائی اسمبلی کے حلقوں ، بلدیاتی نمائندوں اور ایوان وزیر اعلیٰ میں فیصلے کی خوشی میں بھرپور جشن منایا گیا ۔اس موقع پر مرد و خواتین کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے جبکہ اس موقع پر رو عمران رو کے نعرے بھی لگاتے جاتے رہے ۔ (ن) کے رہنمائوں پرویز ملک ، خواجہ عمران نذیر ، چوہدری شہباز ، صوبائی وزیر بلال یاسین ، وحید گل ، رانا تجمل ، افضل کھوکھر ، سید توصیف شاہ ، خواجہ سلمان رفیق ،میاں نصیر ، یاسین سوہل ،سیف الملوک کھوکھر ، خواجہ احمد حسان ، لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید سمیت دیگر کی طرف سے منوں کے حساسب سے مٹھائیاںتقسیم کی گئیں ۔

لیگی کارکنوں نے لبرٹی چوک ، مال روڈ ، جیل روڈ ، وحدت روڈ سمیت دیگر مقامات پر بھی جمع ہو کر اپنی قیادت کے حق میں اور پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔لیگی کارکنوں کی طرف سے مختلف مقامات پر ریلیاں بھی نکالی گئیں جس سے ٹریفک کا نظام تعطل کا شکار رہا ۔دو سری طرف پی ٹی آئی کی طرف سے امنگوں کے مطابق فیصلہ نہ آنے پر جشن کی تیاریاں دھری کی دھری رہ گئیں اور فیصلے کے فوری بعد کسی طرح کے رد عمل کا اظہار نہ کیا گیا ۔