سپریم کورٹ پانامہ کیس کا فیصلہ (کل) سنائے گی

عدالت عظمیٰ نے کیس کا فیصلہ 23 فروری کو محفوظ کرلیا تھا

منگل 18 اپریل 2017 22:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اپریل ء) سپریم کورٹ پانامہ کیس کا فیصلہ (کل) جمعرات کو دن 2 بجے سنائے گی۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس گلزار احمد، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بنچ نے پانامہ کیس کا فیصلہ فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد 23 فروری کو محفوظ کرلیا تھا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سپریم کورٹ نے منگل کو ضمنی کاز لسٹ جاری کردی ہے۔ پانامہ پیپر لیکس کے حوالے سے درخواست گزاروں میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور دیگر شامل ہیں۔ سماعت کے دوران وزیراعظم کی نمائندگی سینئر وکیل مخدوم علی خان نے کی جبکہ درخواست گزار عمران خان کی طرف سے نعیم بخاری پیش ہوئے۔ جماعت اسلامی کی جانب سے کیس کی پیروی ایڈووکیٹ توفیق آصف نے کی جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں۔