وزیر اعظم سندھ جائیں یا زرداری پنجاب میں جلسے کریں کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے ،ووٹ کارکردگی کی بنیاد پر ہی ملیں گے‘ ایاز صادق

سابقہ حکومتیں غیر ملکی امداد پر ملک چلا رہی تھیں ،(ن)نے سی پیک کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا موجودہ حکومت نے جن نا مساعد حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی قوم اس سے آگاہ ہے ،2018ء میں سرخرو ہوںگے

اتوار 16 اپریل 2017 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر اپریل ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتیں غیر ملکی امداد پر ملک چلا رہی تھیں جبکہ مسلم لیگ (ن)نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا،موجودہ حکومت نے جن نا مساعد حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی پوری قوم اس سے آگاہ ہے اور 2013ء کے مقابلے میں آج کا پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن او رخوشحال ہے ،چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کو منانے میں کامیابی پر وزیر اعظم نواز شریف اور اسحاق ڈار کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ کی یونین کونسل 120میں کارکنوں میں نوٹیفکیشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ایاز صادق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )کی حکومت میرٹ پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ پارٹی عہدوں پر بھی میرٹ پر پورا اترنے والے کارکنوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا پاک چین دوستی کی تاریخ بہت پرانی ہے لیکن کوئی بھی حکومت چین سے فائدہ نہیں اٹھا سکی۔

اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے بننے والے سی پیک منصوبے کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ،آج پوری دنیا کی نظریں سی پیک پر مرکوز ہیں، ابھی ترقیاتی منصوبے مکمل نہیں ہوئے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے کوشاں ہے اور یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ جب آئندہ عام انتخابات میں عوام کے پاس جائیں گے تو سر خرو ہوں گے۔

انہوں نے چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ رضا ربانی کی جمہوریت کے لئے خدمات سے عوام بخوبی آگاہ ہیںاور وہ جمہوریت کے استحکام کی علامت ہیں۔ رضا ربانی کو منانے میں کامیابی پر وزیر اعظم نواز شریف اور اسحاق ڈار کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاست کرنا تمام سیاسی جماعتوں کا حق ہے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف سندھ جائیں یا زرداری پنجاب میں جلسے کریں کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے تاہم ووٹ کارکردگی کی بنیاد پر ہی ملیں گے۔

سردارایازصادق نے کہاکہ ماضی میں امریکی امداد آتی رہی تاہم موجودہ حکومت نے امریکہ امداد نہیں لی۔ چینی سرمایہ کاری اور وزیر اعظم نواز شریف کی پالیسیوں کے باعث پاکستان ترقی پذیر ممالک کی فہرست میں نمایاں پوزیشن حاصل کرچکا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے جاوید انور بوبک کے گھر بھی گئے اور ان کے والد کی وفات پر اظہارافسوس اور فاتحہ خوانی کی ۔