رضا ربانی چیئرمین سینٹ مستعفی نہیں ہوئے ، پیپلز پارٹی نے ناراضگی کی وضاحت دیدی

موجودہ صورتحال کی ذمہ دار وفاق ہے، حکومت نے خود سینیٹ میں وزراء کی عدم موجودگی کا اعتراف کرلیا،نواز شریف خود ایوان بالا آ کر معاملے سلجھائیں،پیپلز پارٹی حکومت سنجیدگی دکھائے تو معاملہ حل ہوسکتا ہے، رضا ربانی کی رضامندی تک سینیٹ کی کارروائی معطل رہے گی ، فرحت اللہ بابر ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا،شیری رحمن

ہفتہ 15 اپریل 2017 18:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار اپریل ء) سینیٹ کے چیئرمین میاں رضا ربانی کی ناراضگی کی وضاحت دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ تاحال مستعفی نہیں ہوئے۔حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے کہا کہ موجودہ صورتحال کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے اور حکومت نے خود سینیٹ میں وزراء کی عدم موجودگی کا اعتراف کریا ہے، وزیر اعظم نواز شریف کو چاہیے کہ جلد از جلد ایوان بالا آ کر معاملات کو سلجھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کو منانے میں تاحال کامیاب نہیں ہو سکی لیکن چیئرمیں سینیٹ ابھی مستعفی نہیں ہوئے۔سینیٹر کا مزید بتانا تھا کہ حکومت اگر سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تو یہ معاملہ حل ہوسکتا ہے، لیکن اگر حکومت چیئرمین سینیٹ کو منانے میں کامیاب نہیں ہوتی، تو اراکین سینیٹ ا آگے کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

(جاری ہے)

پی پی سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ نے پارلیمنٹ کی بالا دستی کیلئے یہ مؤقف اختیار کیا۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ سینیٹ کے گذشتہ سیشن میں رضا ربانی کی تضحیک ہوئی تھی، اگر سینیٹ میں وزرائ نہیں آتے تو وہاں جانے کا کوئی فائدہ نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک حکومت مسئلے کو حل نہیں کرتی سینیٹ کی کارروائی معطل رہیگی۔ پیپلزپارٹی کی راہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ نواز شریف سمیت بیشتر وزراء نے سینٹ کو نظرانداز کر رکھا ہے مہینوں سوالات کے جواب نہیں دیئے جاتے ۔

چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کام چھوڑ کر مثبت قدم اٹھایا ہے عوام ہم سے پوچھتے ہیں کہ آپ ایوان میں کیا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سارے ایوانوں میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بیٹھے ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ موجودہ دور حکومت کے بیشتر وزراء اور بالخصوص وزیر اعظم نواز شریف نے ایوان بالا کو یکسر نظر انداز کر دیا ہے وزیر اعظم اب تک صرف دو بار سینٹ میں تشریف لائے ہیں جبکہ وزراء مہینوں تک سوالات کے جواب نہیں دیتے جو قوم و ملک کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہے انہوں نے کہاکہ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کی جانب سے چیئرمین شپ کا کام چھوڑ کر جمہوریت کی مضبوطی کے لئے مثبت اقدام کیا ہے اگر وزیر اعظم اور عوام کے منتخب قوم کے ساتھ مخلص ہیں تو ان کو میاں رضا ربانی کے اقدام سے سبق لے کر ایوان میں حاضری اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بہتر سے بہتر قانون سازی پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں ۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز (14 اپریل) کو ہونے والے سینیٹ اجلاس میں وزرائ کی عدم حاضری پر چیئرمین میاں رضا ربانی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پہلے تو مستعفی ہونے کی پیشکش کی، بعد ازاں پروٹوکول کے بغیر گھر روانہ ہوگئے تھے (جاوید)