پارٹی رہنما زیادہ سے زیادہ وقت اپنے حلقے کے عوام کو دیں، آئندہ انتخابات کیلئے بھرپور تیاری کریں،خیبرپختونخوا کا دورہ کرنے والاہوں، ہر کارکن سے ملاقات کرونگا

پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف زرداری کی پی پی خیبرپختونخوا کے نئے عہدیداروں اور رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 12 اپریل 2017 23:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات اپریل ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کی ہے کہ و ہ زیادہ سے زیادہ وقت اپنے حلقے کے عوام کو دیں اور آئندہ انتخابات کے لئے بھرپور تیاری کریں،خیبرپختونخوا کا دورہ کرنے والاہوں، وہاں ہر کارکن سے ملاقات کریں گے ۔

وہ بدھ کو یہاں زرداری ہائوس اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے نئے منتخب عہدیداروں اور رہنمائوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ وفد کی قیادت صوبائی صدر ہمایوں خان نے کی۔ فخرزمان قادر، نگہت اورکرزئی، صاحبزادہ ثنااللہ، سلیم خان، سردار حسین، محمد علی شاہ باچا وفد میں شامل تھے۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آصف علی زرداری نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ وقت اپنے حلقے کے عوام کو دیں اور آئندہ انتخابات کے لئے بھرپور تیاری کریں۔ سابق صدر نے کہاکہ وہ خیبرپختونخوا کا دورہ کرنے والے ہیں اور وہاں ہر کارکن سے ملاقات کریں گے۔ انہوں پارٹی رہنمائوں سے کہا کہ وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریں اور ان کی طاقت بنیں۔ سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومت نے خیبرپختونخواہ کے عوام کو شناخت دی۔ پیپلزپارٹی دوبارہ اقتدار میں آکر خیبرپختونخوا کے عوام کے بنیادی مسائل حل کرے گی۔ اس موقع پر سینیٹر سردار علی خان بھی موجود تھے۔