کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مزید 2 دہشت گردوں کو ساہیوال جیل میں پھانسی دیدی گئی

دونوں دہشت گرد سیکیورٹی فورسز ، قانون نافذ کرنے والے اداروں ،پولیو ٹیم ، این جی او ملازمین اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے،دونوں کو فوجی عدالت نے سزا سنائی تھی ، آئی ایس پی آر

منگل 11 اپریل 2017 23:30

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اپریل ء)کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مزید 2 دہشت گردوں کو ساہیوال جیل میں پھانسی دیدی گئی ، دونوں دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پرحملوں سمیت سنگین جرائم میں ملوث تھے ۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق دو دہشت گردوں کو ساہیوال جیل میں پھانسی دیدی گئی ۔

دہشت گرد شاہد اور فضل حق کو فوجی عدالت نے سزا سنائی تھی ۔ دونوں دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پرحملوں سمیت سنگین جرائم میں ملوث تھے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا ۔ دونوں دہشت گرد پولیو ٹیم ، این جی اوز ملازمین حملوں میں بھی ملوث تھے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد محمد شاہد عمر ولد زمان خان تحریک طالبان پاکستان کا اہم رکن تھا جو سیکیورٹی فورسز ، قانون نافذ کرنے والے اداروں ، پولیو ٹیموں، این جی اوز کے ملازمین اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھا ۔

(جاری ہے)

دہشت گرد فضل حق ولد شداد بھی کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم رکن تھا ۔ جس نے 4 پولیس اہلکاروں کو اغواء کرکے ان کے ہاتھ کاٹ دیئے تھے اور وہ معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے میں ملوث تھا ۔ جس کے نتیجے میں عبدالوہاب اور پولیس کانسٹیبل سیف الرحمان مارے گئے تھے ۔ مجرموں نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا جس پر انہیں موت کی سزا سنائی گئی تھی ۔…(م د)