کم سے کم ممکنہ وقت میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ،ْ وزیر اعظم نواز شریف

مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کے لئے تمام بنیادی کام مکمل کیا جا چکا ہے ،ْلوڈشیڈنگ فری پاکستان کیلئے درست سمت میں گامزن ہیں ،ْاجلاس سے خطاب

پیر 10 اپریل 2017 21:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کم سے کم ممکنہ وقت میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ،ْ مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کے لئے تمام بنیادی کام مکمل کیا جا چکا ہے ،ْلوڈشیڈنگ فری پاکستان کیلئے درست سمت میں گامزن ہیں۔ وہ پیر کو یہاں توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے سیکرٹری پانی و بجلی نے اجلاس کو رواں موسم میں درجہ حرارت میں جلد اضافہ اور ذخائر میں پانی کی سطح کم ہونے کی وجہ سے بجلی کی طلب میں اضافہ کے بارے میں آگاہ کیا، اجلاس کو بجلی کی طلب اور رسد کے بارے میں بتایا گیا۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ 2017ء کے آخر تک 5710میگا واٹ بجلی نظام میں شامل ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں گردشی قرضے، وصولیوں اور لائن خسارہ جات کے مسائل بھی زیربحث آئے۔ سیکرٹری پٹرولیم و قدرتی وسائل نے اجلاس کو بجلی کے شعبے کو ایندھن اور گیس کی دستیابی اور گھریلو ، صنعتی اور تجارتی صارفین کو نئے گیس کنکشنوں کی فراہمی کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ 8ہزار میگاواٹ سے زائد کی نئی پیداوار جون 2018ء سے قبل نیشنل گرڈ میں شامل ہونے کے ساتھ ہم لوڈشیڈنگ فری پاکستان کیلئے صحیح سمت میں گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف ملک میں توانائی کی موجودہ قلت کو دور کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے بلکہ توانائی کی آئندہ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بھی پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے کام کے معیار اور استعداد پر سمجھوتہ کیے بغیر بجلی کے منصوبہ جات کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ انہوں نے صارفین کی سہولت کیلئے مختلف سرکاری اداروں کے مابین رابطہ بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جاری منصوبوں کی تکمیل کیلئے مقررہ مدت کے حوالے سے کوئی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی نے گھریلو، صنعتی اور تجارتی صارفین کیلئے ری گیسیفائیڈ لیکیوئڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) پر مبنی نئے گیس کنکشنوں کی بھی منظوری دی۔

توانائی سے متعلق کابینہ کمیٹی کی سفارش توثیق کیلئے وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ وزیرخزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیرپانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔