پنجاب میں مجھے اور پارٹی رہنمائوں کو خطرات لاحق ہیں، تحفظ فراہم کرنا سٹیٹ کی ذمہ داری ہے۔ پا، بلاول بھٹو زرداری

مسلم لیگ(ن) کی حکومت پیپلزپارٹی کی تقریبات کے انعقاد پر جتنی مرضی پابندیاں لگالے پاکستان کے عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں،میڈیا سے گفتگو

پیر 10 اپریل 2017 22:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب میں انہیں اور ان کے پارٹی رہنمائوں کو خطرات لاحق ہیں۔ لیکن ان کو تحفظ فراہم کرنا سٹیٹ کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کی تقریبات کے انعقاد پر جتنی مرضی پابندیاں لگالے پاکستان کے عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں۔

بلاول ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب اور جنوب یپنجاب کی تنظیم سازی کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ اب پارٹی تنظیمیں جلد بن جائیں گی۔ انہوںنے اس امر کی خصوصی نشاندہی کی کہ گزشتہ روز سیالکوٹ میں پیپلزپارٹی کی امیدوار ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ورکرز کنونشن منعقد کرناچاہتی تھیں لیکن پنجاب حکومت نے اس تقریب کے انعقاد کی اجازت نہ دی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت ہمارے چھوٹے بڑے پروگراموں پر پابندی عائد کررہی ہے لیکن پنجاب کے عوام اسے برداشت نہیں کریں گے۔ ابھی تو پیپلزپارٹی بڑے پروگرام منعقد کرنے جارہی ہے انہوںنے کہا کہ پانامہ لیکس کا فیصلہ آنے والا ہے ملک میں بجلی کی فراہمی میں حکومت فیل ہوگئی ہے۔ پانامہ کیس کے فیصلے کی پوری قوم منتظر ہے۔ یہ ایک اہم فیصلہ ہے پورا پاکستان اس فیصلے کی شکل میں ٹرائل پر ہے۔

اس فیصلے سے ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں احتساب کا عمل جاری ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ہمیں پنجاب میں برداشت نہیں کررہی ہم ہم گھر میں اپنا پیغام پہنچایں گے۔ حکومتی دھمکیوں کا مقابلہ کریں گے (ن) لیگ ہمیں پنجاب میں برداشت کرے یا نہ کرے عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہے۔ انہوںنے کہا کہ میرے نانا کو پاکستان کی عدالتوں نے سزائے موت سنائی یہی وجہ ہے کہ پیپلزپارٹی سزائے موت کے خلاف ہے۔(اے ملک)