رضا ربانی کا بااختیار سینیٹ کیلئے حکومت اور قائدین سے مذاکرات کا اعلان

مذاکرات سینیٹ کی ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے توسط سے کئے جائیں گے ایوان بالا نے متفقہ طور پر چیئرمین سینیٹ کو حکومت او ر سپیکر قومی اسمبلی سے ’’مکالمہ‘‘ شروع کرنے کی اجازت دے دی

پیر 10 اپریل 2017 22:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے بااختیار سینیٹ کیلئے حکومت اور قومی اسمبلی کے قائدین سے مذاکرات کا اعلان کردیا ، یہ مذاکرات سینیٹ کی ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے توسط سے کئے جائیں گے اور ایوان بالانے متفقہ طور پر چیئرمین سینیٹ کو حکومت اور قومی اسمبلی کے رہنمائوں وسپیکر سے ’’مکالمہ‘‘ شروع کرنے کی اجازت دے دی ۔

پیر کو یہ اعلان چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی ایوان بالا میں یوم آئین کے حوالے سے آئین کی حکمرانی ،جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر بحث کے اواخر میں کیا۔ ایوان بالا میں 13فروری2017کو سینیٹ کے اختیارات کے بارے میں منظور ہونے والی قرار کے آئینی ترامیم کیلئے قومی اسمبلی کے پارلیمانی لیڈرز سے مکالمہ کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس ڈائیلاگ کے بارے میں ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی نے کہا ہے باضابطہ طور پر اس ضمن میں حکومت اور سپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ آئینی ترامیم پر بات چیت ہو سکے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ ترامیم سینیٹ کے اختیارات کے بارے میں ہوگی ۔ا یوان زیریں کے رہنمائوں سے اس ڈائیلاگ کے لئے ہائوس کی اجازت کی ضرورت ہے ۔ ایوان بالات نے اتفاق رائے سے چیئرمین سینیٹ کو یہ اجازت دے دی ہے ۔ چیئرمین نے کہا کہ ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے توسط سے یہ معاملہ شروع کیا جائے گا ۔ متفقہ طور پر یہ عمل شروع کریں گے ۔ چیئرمین سینیٹ نے یوم آئین منانے کے سلسلے میں تعاون پر صدر ،وزیراعظم ،سپیکر قومی اسمبلی ،وزرائے اعلیٰ، صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نہ صرف پارلیمنٹ ہائوس پر یہ چراغاں کیا گیا بلکہ صوبائی اسمبلیاں بھی یوم آئین کے حوالے سے جگمگا رہی تھیں ۔ (اع)