تحریک طالبان نے گزشتہ انتخابات میں (ن) لیگ ،پی ٹی آئی کو کلین چٹ دی ‘ بلاول بھٹو زرداری

پیپلزپارٹی سزائے موت کیخلاف ہے اور یہ ہمارا اصولی موقف ہے ،جنوبی ،وسطی پنجاب میں پارٹی کی تنظیم سازی مکمل ہو گئی ہے حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ،(ن) لیگ کا کمال ہے پوری قوم پاناما فیصلے کا انتظار کر رہی ہے،عدلیہ کو دکھانا ہے کہ پاناماکا واقعی فیصلہ ہوا اجازت کے باوجود پولیس نے سیالکوٹ میں تقریب کو روکا ، ہمارے تو بڑے بڑے پروگرام آنے والے ہیں حکمر ان انہیں کیسے برداشت کرینگے لیاقت بلوچ کی بھی ملاقات ،ملکی سیاسی صورتحال ،پانامہ لیکس پر عدالتی فیصلہ کی تاخیر اور متوقع فیصلے پر قومی سیاست پر اثرات کے حوالہ سے گفتگو انتخابی اصلاحات ، اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ موقف ، عوامی مسائل کے حل کیلئے باہمی رابطے رکھنے پر اتفاق ،منظور وٹو سے سسر کے انتقال پر اظہار تعزیت بھی کیا

منگل 11 اپریل 2017 07:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تحریک طالبان نے گزشتہ انتخابات میں (ن) لیگ اور تحریک انصاف کو کلین چٹ دی ، پیپلزپارٹی سزائے موت کیخلاف ہے اور یہ ہمارا اصولی موقف ہے ،جنوبی پنجاب اور وسطی پنجاب میں پارٹی کی تنظیم سازی مکمل ہو گئی ہیاب نئے جوش و جذبے کے ساتھ میدان عمل میں نکلیں گے ،انتظامیہ کی اجازت کے باوجود پولیس نے سیالکوٹ میں تقریب کو روکا ہم (ن) لیگ کے اس رویے کی مذمت کرتے ہیں، ہمارے تو بڑے بڑے پروگرام آنے والے ہیں حکمران انہیں کیسے برداشت کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا اور رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مخدوم سید احمد محمود ،قمر الزمان کائرہ،جمیل سومرو،شوکت بسرا،عبدالقادر شاہین،نتاشہ دولتانہ،عبدالقادر شاہیں اور دیگر بھی موجود تھے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے ، آج عوام کو لوڈ شیڈنگ پانی کے کمی کے مسائل درپیش ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاناما کے فیصلے کا سب کو انتظارہے یہی تو (ن) لیگ کا کمال ہے پوری قوم اس کا انتظار کر رہی ہے،عدلیہ کو دکھانا ہے کہ پاناماکا واقعی فیصلہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ تو ہمیں برداشت نہیں کرے گی لیکن عوام ہمارے ساتھ ہے۔تحریک طالبان نے گزشتہ انتخابات میں (ن) لیگ اور تحریک انصاف کو کلین چٹ دی۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ پاکستان میں کسی کو بھی سزائے موت دئیے جانے کے مخالف ہیں۔

بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو فوجی عدالت کی طرف سے سزائے موت دئیے جانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ سزائے موت کے مخالف ہیں اور یہ پیپلز پارٹی اور ان کا اصولی موقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے نانا کو بھی سزائے موت دی گئی تھی۔ بھارتی جاسوس کو پاکستان میں نہیں ہونا چاہیے تھا ،جاسوس کو سزائے موت دینا خصوصی کیس ہوتاہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور ظلم و بربریت کی مذمت کرتے ہیں مگر یہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کمزوری کا نتیجہ ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سینئر نائب صدر میاں منظور وٹو سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کر کے ان کے سسر کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور سیاسی کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو کی رہائش گاہ پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی ۔

اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال اور پانامہ لیکس پر عدالتی فیصلہ کی تاخیر اور متوقع فیصلے پر قومی سیاست پر اثرات کے حوالہ سے گفتگو ہوئی اور اتفاق کیا گیا کہ انتخابی اصلاحات ، اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ موقف اور عوامی مسائل کے حل کے لیے باہمی رابطے رکھے جائیں گے ۔لیاقت بلوچ نے بلاول بھٹو سے کہاکہ وہ براہ راست کراچی کے عوام کے کے الیکٹرک ،پانی کی قلت اور کچرا صفائی کے مسائل کو دیکھیں ۔ کراچی کے عوام میں یہ گہرا تاثر ہے کہ پیپلز پارٹی کی تمام تر توجہ اندرون سندھ اضلاع پر ہے اور کراچی کو نظر انداز کیا جارہاہے ۔ بلاول بھٹو نے کہاکہ حکومت سندھ توجہ دے رہی ہے وہ ذاتی طور پر بھی توجہ دیں گے ۔ کراچی الیکٹرک سپلائزکارپوریشن کی نج کاری درست فیصلہ نہیں تھا ۔