سپریم کورٹ، کاز لسٹ میں پاناما کیس شامل نہیں

پرسوں سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے میں مقدمات کی سماعت کیلئے لارجر بنچ سمیت 5 بنچ تشکیل

ہفتہ 8 اپریل 2017 16:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار اپریل ء)سپریم کورٹ آف پاکستان میں پرسوں پیر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے دوران اسلام آباد میں مقدمات کی سماعت کیلئے ایک لارجر بنچ سمیت 5 بنچ تشکیل دیدئیے گئے۔ پانامہ کیس سے متعلق کیس کی سماعت کرنے والا بنچ شامل نہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے (کل) پیر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے دوران اسلام آباد میں مقدمات کی سماعت کیلئے ایک لارجر بنچ سمیت 5 بنچز تشکیل دیدئیے جو اہم مقدمات کی سماعت کریں گے تاہم ابھی تک پانامہ کیس کی سماعت کرنے والا بنچ دوبارہ تشکیل نہیں پا سکا جو کہ کیس کا فیصلہ سنائے گا۔

لارجر بنچ جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید ‘ جسٹس مقبول باقر ‘ جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل ہو گا۔

(جاری ہے)

لارجر بنچ لاہور میٹرو اورنج ٹرین منصوبے کے حوالے دسے مقدمے کی سماعت کرے گا۔ دیگر بنچوں میں بنچ نمبر ایک چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطاء بندیال اور جسٹس فیصل عرب ‘ بنچ نمبر دو جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد کھوسہ اور جسٹس منظور ملک ‘ بنچ نمبر تین کی سربراہی جسٹس اعجاز افضل خان کریں گے۔ چوتھا بنچ جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل ہے۔