نوشہرہ اضاخیل میں جے یو آئی کی صد سالہ تقریبات دوسرے روز بھی جاری

امریکہ،برطانیہ،ہانگ کانگ، چائینہ،بحرین،سعودیہ،ایران کے علماء کے 16رکنی وفد کی تقریبات میں شرکت ْپاکستان اسلام کا قلعہ ہے،جے یو آئی کی ملک میں جمہوریت کیلئے قربانیاں ہیں،سید خورشید شاہ اندرونی ،بیرونی سازش سے اسلام کو بدنام کیا جارہا ہے، امریکی فوج کا شام پر حملہ قابل مذمت ہے،رضا ربانی

ہفتہ 8 اپریل 2017 19:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار اپریل ء)نوشہرہ اضاخیل میں جے یو آئی کی صد سالہ تقریبات دوسرے روز بھی جاری رہیں جس سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سیدخورشید شاہ ،چیئرمین سینیٹ میاںرضا ربانی،(ن) لیگ کے رہنماء راجہ ظفرالحق سمیت دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا،امریکہ،برطانیہ،ہانگ کانگ، چائینہ، بحرین، سعودیہ، ایران کے علماء کے 16رکنی وفد نے بھی تقریبات میں شرکت کی ۔

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے،جے یو آئی کی ملک میں جمہوریت کیلئے قربانیاں ہیں، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ آج کی تاریخ میں اجتماع نہایت اہمیت کا حامل ہے،اندرونی اور بیرونی سازش سے اسلام کو بدنام کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے اس سازش میں طاغوتی قوتیں کچھ حد تک کامیاب ہوئی ہیں، انہوں نے کہا کہ امریکی فوج کی شام پر حملے کی مذمت کی اور کہا کہ حکومت کو متنبہ کرتا ہوں کہ وہ اقوام متحدہ میں شام کا مسئلہ اٹھائے، انہوں نے کہا کہ شام کے مسئلہ پرحکومت جلد قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے۔

(جاری ہے)

منتظمین کے مطابق اجتماع کیلئے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ سٹیج پر 2 ہزار لوگوں کی بیٹھنے کی جگہ بنانے کیساتھ وی آئی پی مہمانوں کی آمدکیلئے تین ہیلی پیڈ بھی بنائے گئے ہیں۔اس کے علاوہ ایک جنرل ہسپتال، سترہ ڈسپنسریاں پندرہ کینٹین اور12ہزار سے زائد واش رومز بنائے گئے ہیں۔اجتماع میں شرکت کیلئے وزیراعظم محمد نواز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کو بھی مدعو کیا گیاہے ۔منتظمین کا کہنا تھا کہ اجتماع کو پرامن بنانے کیلئے جے یو آئی کے 20ہزار رضا کار سیکورٹی پرمامور ہیں۔