آئندہ عام انتخابات میں تقریباً 46 فیصد عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) جبکہ 16 فیصد پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیں گے، سروے

جمعہ 7 اپریل 2017 16:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ اپریل ء) آئندہ عام انتخابات میں تقریباً 46 فیصد عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) جبکہ 16 فیصد پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دینا چاہیں گے۔ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے پروفیسر علی چیمہ کی طرف سے کرائے گئے سروے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے ووٹروں کی پسندیدگی کے درمیان وسیع فرق ہے۔

یہ سروے لاہور میں قومی اسمبلی کے تین حلقوں این اے 121، این اے 122 اور این اے 124 میں کیا گیا۔ پروفیسر علی چیمہ جنہوں نے کیمبرج یونیورسٹی سے اکنامکس میں پی ایچ ڈی کی ہے، نے بتایا کہ وہ گزشتہ 15 سال سے پولیٹیکل اکانومی کے موضوع پر کام کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سروے گھروں میں جا کر کیا گیا اور مختلف عمر کے گروپوں کی آراء پر مبنی ہے تاکہ اعداد و شمار پر مبنی عوامی رائے کی صحیح عکاسی ہو سکے۔

(جاری ہے)

سروے کے مطابق 32 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت ان کے مالی حالات بہتر ہوئے جبکہ 57 فیصد نے اس رائے کا اظہار کیا کہ ان کے حالات برقرار رہے۔ 60 فیصد افراد نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر رہی ہے۔ سروے کے مطابق 42 فیصد ووٹروں نے نواز شریف کو انتہائی دیانتدار رہنما جبکہ 26 فیصد نے عمران خان کو دیانتدار رہنما قرار دیا۔