افغان شہری پاکستانی شہریوں کی طرح عزیز ہیں،آرمی چیف

جب افغان شہری دہشتگردی کا نشانہ بنتا ہے تو دکھ ہوتا ہے دہشتگردی دونوں ملکوں کی مشترکہ دشمن ہے، الزام تراشی کے بجائے دونوں ممالک باہمی تعاون کو فروغ دیں،جنرل قمر جاوید باجوہ کی افغان صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 7 اپریل 2017 23:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ اپریل ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغان شہری بھی پاکستانی شہریوں کی طرح عزیز ہیں جب افغان شہری دہشتگردی کا نشانہ بنتا ہے تو دکھ ہوتا ہے۔ دہشتگردی دونوں ملکوں کی مشترکہ دشمن ہے، الزام تراشی کے بجائے دونوں ممالک باہمی تعاون کو فروغ دیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جمعہ کے روز افغان صحافیوں کے وفد نے آئی ایس پی آر ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔

وفد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور سے ملاقات گی۔ افغان صحافیوں کے ہمراہ پاکستان کے نامور صحافیوں نے بھی آئی ایس پی آر کا دورہ کیا۔ افغان صحافیوں سے گفتگو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشتگردی سے متاثرہ افغان باشندے کو اتنا ہی عزیز سمجھتے ہیں جتنا پاکستانی باشندے کو عزیز سمجھتے ہیں، افغان شہری دہشتگردی کا نشانہ بنتا ہے تو رنج ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی دونوں ملکوں کا مشترکہ دشمن ہے۔ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان باہمی اعتماد کی ضرورت ہے۔ الزام تراشی کے بجائے دونوں ممالک باہمی تعاون کو فروغ دیں۔ افغان صحافیوں کے وفد نے ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور سے بھی ملاقات کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں سے وفد کو آگاہ کیا اور پاک افغان بارڈر کی صورتحال پر افغان صحافیوں کو تفصیلات بتائیں۔ واضح رہے کہ افغانستان کا 13رکنی صحافی وفد پاکستان کے دورے پر ہے۔ افغان صحافیوں کے وفد نے دورہ آئی ایس پی آر کے علاوہ وزارت تجارت، وزارت خارجہ ، ایچ اے سی اور وزارت سیفران اور ایف سی ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا۔