عالمی میڈیا پاکستان کو ایشیاکی ابھرتی ہوئی معیشت قرار دے رہا ہے ،پاکستان سٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین اسٹاک مارکیٹ ہے، توانائی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے،2025 تک پاکستان کا شمار دنیا کی 25 بڑی معشیتوں میں ہو گا،سی پیک کے باعث اب دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے، امریکہ برطانیہ سمیت مختلف ممالک نے خطے کی ترقی کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کام کرنا چاہتے ہیں، ہمارا نجی شعبہ ملکی ترقی میں قابل ذکر کردار ادا کر رہا ہے

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، واصلاحات احسن اقبال کا لیڈر ان اسلام آباد بزنس سمٹ سے خطاب

جمعرات 6 اپریل 2017 22:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اپریل ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، واصلاحات احسن اقبال نے کہاہے کہ عالمی میڈیا پاکستان کو ایشیاکی ابھرتی ہوئی معیشت قرار دے رہا ہے ،پاکستان سٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین اسٹاک مارکیٹ ہے، توانائی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ ان خیا لات کا اظہار انہوںنے جمعرات کو لیڈر ان اسلام آباد بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب میں معروف کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوآفسران ، شعبہ تجارت کے ماہرین اور مختلف ممالک کے سفیروں نے شرکت کی ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ 2013 ء میں عالمی میڈیا پاکستان کو خطر ناک ملک قرار دیتا تھا تاہم حکومت کے اقدامات کی وجہ اب اس کو ایشیاکی ابھرتی ہوئی معیشت قرار دیا جارہاہے ،پاکستان اسٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین اسٹاک مارکیٹ ہے، توانائی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے،اب لوگوں کو 18 گھنٹے تک بجلی کی فراہمی مِمکن ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ماضی کے مقابلے میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے،دہشت گردی کے چند واقعات ہمیں مزید مضبوط بناتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ 2025 تک پاکستان کا شمار دنیا کی 25 بڑی معشیتوں میں ہو گا،ہمیں مواقع سے فائدہ اٹھانا ہو گا ہمیں دنیا کے سامنے پاکستان کے مثبت پہلو کو اجاگر کرنا ہو گا۔انہوںنے کہاکہ ایک دہائی بعد پاکستان کا گروتھ ریٹ پانچ فیصد سے اوپر جائے گا،سی پیک کے باعث اب دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ امریکہ برطانیہ سمیت مختلف ممالک نے خطے کی ترقی کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کام کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سی پیک کے ذریعے ہم علاقائی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں،پاکستان کاگروتھ ریٹ آئندہ تین دہائیوں تک دس سے بارہ فی صد تک لے جائیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ آج جدت اور تبدیلی کا دور ہے، تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں نے قیادتوں اور ماہرین کے لئے بڑے چیلنجز لا کھڑے کئے ہیں، درپیش چیلنجز سے تنہاء نبرد آزما ہونا آسان نہیں، یہی وجہ ہے کہ بڑے بڑے چیلنجز سے عہدہ براہ ہونے کے لئے مختلف قومیتوں اور دنیا کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے پیشہ ورانہ ماہرین اور عالمی سیاسی قیادتوں کو یکجا ہونا پڑا، ہمارا نجی شعبہ ملکی ترقی میں قابل ذکر کردار ادا کر رہا ہے، نجی شعبے کی بدولت ہمارے باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے بے شمار مواقع میسر آئے جو آج مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں میں رہ کر گرانقدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ نجی شعبے سے تعلق رکھنے والی نوجوان قیادتوں کو ترقی کے عمل میں شریک کیا جانا بھی ضروری ہے اور ان نوجوان قیادتوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ترقی کے عمل میں شریک ہو کر حکومتوں اور قومی اداروں کی معاونت کریں تاکہ ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جا سکے۔انہوںنے کہاکہ آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد نے قوم کو یکجا کر دیا ہے، ہمارا عہد ہے کہ پاکستان کو جغرافیائی اور معاشی دہشت گردی سے پاک کر کے قائداعظم کا حقیقی پاکستان بنائیں گے۔انہوںنے کہاکہ ذاتی حیثیت میں کامیابیاں سمیٹنا اور ترقی و عروج کی منزلیں طے کرنا ہمارا بنیادی انسانی حق ہے لیکن قومی و اجتماعی کامیابی اور ترقی کے بغیر ہماری ذات اور اس سے جڑی کامیابیاں بے معنی ہو کر رہ جاتی ہیں۔