کراچی:سندھ کابینہ نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دیدی

وزراء کا نواز شریف اور عمران خان پراے ڈی خواجہ کو استعمال کرنے کا الزام عائد ،اجلاس کی اندرونی کہانی آئینی اختیارہے کسی بھی افسرکوتبدیل کرسکتاہوں،وزیر اعلی سندھ

بدھ 5 اپریل 2017 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات اپریل ء)سندھ کابینہ نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دیدی ہے تاہم کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزراء نے نواز شریف اور عمران خان پراے ڈی خواجہ کو استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔بد ھ کو نیو سندھ سیکرٹریٹ میںوزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں سندھ کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا، اجلاس میںآئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے حوالیس ے بریفنگ دی گئی جبکہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے اور کسی بھی نئے افسر کو آئی جی سندھ بنانے کی منظوری دیدی۔

ذرائع نے بتایا کہ سندھ کابینہ نے بغیر کسی توجہی کے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کوخدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آئینی اختیارہے کسی بھی افسرکوتبدیل کرسکتاہوں۔اجلاس کے دوران ایک صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اے ڈی خواجہ لیگی کارکن بن کرحکومت کوبدنام کررہے ہیں،نوازشریف سندھ میں ناکامی پراے ڈی خواجہ کواستعمال کررہے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس کے دوران کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ وفاق کواے ڈی خواجہ اتنے پسند ہیں توانکوآئی جی پنجاب لگالیں۔اے ڈی خواجہ نے پوراسال کچھ کیا نہ کسی افسرکوکرنے دیا،ایڈی خواجہ نے محکمے کوتباہ کرنیکی سازش کی، اے ڈی خواجہ کے حق میںعمران خان کی حمایت سے ظاہرہوگیااے ڈی خواجہ ایجنڈے پرکام کررہے ہیں۔خیال رہے کہ دو روز قبل سندھ حکومت نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی خدمات وفاق کے سپرد کرتے ہوئے نئے آئی جی سندھ کے لیے تین نام سردار عبدالمجید دستی ، غلام قادر تھیبواور خادم حسین بھٹی کے نام ارسال کیے تھے جن کی منظوری سے قبل ہی سردار عبدالمجید دستی کو قائم مقام آئی جی سندھ تعینات کردیا گیا تھا ۔

تاہم سندھ ہائی کورٹ کے حکم امتناع کے باعث سردار عبدالمجید دستی کو فوری طور پر عہدہ چھوڑنا پڑا اور اے ڈی خواجہ سے منگل کو ایک بار پھر آئی جی سندھ کے فرائض انجام دینا شروع کردیئے تھے ۔#