لاہور میں بیدیاں روڈ پر مردم شماری کے عملے کو لیجانے والی گاڑی پر خود کش حملہ ،4 فوجی جوانوں سمیت 6شہید ، 20زخمی ،تین کی حالت تشویشناک

شہید ہونیوالوں میں گھر چھٹی آنیوالا پاک فضائیہ کا جوان بھی شامل ،اہلیہ ‘کمسن بیٹا زخمی ،محنت مزدوری کیلئے جانے والا 77سالہ شخض بھی لقمہ اجل بن گیا قریب سے گزرنے والی گاڑیوں،موٹر سائیکلوں اور عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ،امدادی ٹیموں نے لاشوں ، زخمیوں کو فوری ہسپتال منتقل کیا پولیس ،سکیورٹی فورسز کا علاقے میںسرچ آپریشن ، جائے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کر لئے گئے ،خود کش حملہ آور کا سر ،ٹانگیں مل گئیں وزیر اعلیٰ نے فوری رپورٹ طلب کر لی ،صدر ، وزیر اعظم ، گورنرز، وزرائے اعلیٰ اور سیاسی قیادت کی دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت شہید ہونیوالے فوجی جوانوں کی اجتماعی نماز جنازہ ایوب اسٹیڈیم میں ادا کی گئی ،جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ،پاک فضائیہ کے اہلکار کی نماز جنازہ ائیر بیس پر ادا کی گئی نماز جنازہ میں گورنر ،وزیرا علیٰ پنجاب،کور کمانڈر ، ڈی جی رینجرز ،وزیر انسداد دہشتگردی سمیت اعلیٰ عسکری و سیاسی شخصیات کی شرکت پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے میتوں کو سلامی دی ، پھولوں کی چادریں بھی چڑھائیں گئیں ، سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات

بدھ 5 اپریل 2017 22:36

اہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات اپریل ء)صوبائی دارالحکومت کے علاقہ بیدیاں روڈ پر مردم شماری کے عملے کو لے جانے والی گاڑی پر خود کش حملے کے نتیجے میں 4فوجی جوانوں سمیت 6افراد شہید جبکہ 20زخمی ہو گئے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے،شہید ہونے والوں میں گھر چھٹی آنے والا پاک فضائیہ کا جوان بھی شامل ہے ،اطلاع ملتے ہی امدادی اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو فوری ہسپتال منتقل کیا جبکہ سکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ، فرانزک ماہرین اورحساس اداروں نے جائے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کر دیں،خود کش حملہ آور کا سر اور ٹانگیں بھی مل گئیں جنہیں فرانزک کیلئے بھجوا دیا گیا ، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے فوری طور پر رپورٹ طلب کر لی ،صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم محمد نواز شریف، چاروں صوبوں کے گورنرز، وزرائے اعلیٰ، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ، (ق) لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ، سابق صدر آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر نے دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بیدیاں روڈ پر مانوالہ چوک کے قریب خود کش حملہ آور نے مردم شماری کے عملے کو لے جانے والی گاڑی کو ٹارگٹ کیا جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ دھماکے کی شدت سے قریب کھڑی اور گزرنے والی گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں اور عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔ دھماکے سے ہر طرف افرا تفری مچ گئی اور لوگ اپنی جانیں بچانے کیلئے بھاگ کھڑے ہوئے ۔

دھماکے کی آواز سنتے ہی قریبی علاقوں کے لوگ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا جبکہ ریسکیو 1122، ایدھی ایمبولینسز ، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو جنرل ہسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کیا ۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے جنہوں نے جائے وقوعہ کو سیل کرنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔

فرانزک ماہرین اور حساس اداروں کے اہلکاروںنے جائے وقوعہ سے ضروری شواہد اکٹھے کرنے اورمتاثرہ گاڑیوں کو ہٹانے کے بعد ٹریفک بحال کر دی ۔ جائے وقوعہ سے خود کش حملہ آور کا سر اور ٹانگیں بھی ملی ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ دہشتگردی کی کارروائی میں آٹھ سے دس کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا جس میں بال بیئرنگ بھی ڈالے گئے تھے ۔ زخمیوں کو جنرل ہسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کیا گیا ہے جبکہ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ تین افراد کی حالت تشویشناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے ۔

کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال اور جنرل ہسپتال کا دورہ کر کے بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت ۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر ، (ن) لیگ کے مرکزی رہنما پرویز ملک ، لارڈ میئر کرنل (ر) مبشر جاوید اور ڈپٹی کمشنر سمیر احمد سید نے بھی جنرل ہسپتال کا دورہ کرکے زخمیوں کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے دہشتگردی کے واقعہ پر فوری رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔بیدیاں روڈ پر مانوالہ چوک میں ہونے والے خود کش دھماکے میں شہید ہونے والوں میں 30سالہ حوالدار محمد ریاض،33سالہ سپاہی محمد ساجد ،40سالہ سپاہی محمد عبد اللہ ،لانس نائیک ارشاد،77سالہ محمد بوٹا ،ائیر فورس کا اہلکار 35سالہ اویس مظفر شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں14سالہ رحمان،30سالہ شکیل،ایک سالہ احسان،33سالہ دلباز،30سالہ الطاف،31سالہ ممشاد،29سالہ اسلم،30سالہ ماجد،32سالہ ارشاد،28سالہ جمیل،30سالہ افضل،42سالہ فیض احمد،30سالہ محمد فاروق،16سالہ فرحان،40سالہ اسلم،45سالہ عثمان،22سالہ ارشاد،25سالہ تہمینہ اویس اور16سالہ عابد شامل ہیں۔

بیدیاں روڈ پر مانوالہ چوک میں خود کش دھماکے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی اجتماعی نماز جنازہ ایوب اسٹیڈیم میں ادا کی گئی جس کے بعد جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دئیے گئے ، اس موقع پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے میتوں کو سلامی دی اور اعلیٰ سیاسی و عسکری شخصیات کی طرف سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔مردم شماری کی ٹیم پر خود کش حملے میں شہید ہونے والے حوالدار محمد ریاض، لانس نائیک ارشاد،سپاہی محمد ساجد اور سپاہی محمد عبد اللہ کی اجتماعی نماز جنازہ ایوب اسٹیڈیم میں ادا کی گئی جس میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی ، ڈائریکٹر جنرل رینجرز پنجاب اظہر نوید حیات، صوبائی وزیر انسداد دہشتگردی سردار محمد ایوب گادھی، چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا، ہوم سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان ،سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس، ڈی آئی جی ڈاکٹر حیدر اشرف ، کمانڈر رینجرز ستلج عاصم رضا گردیزی سمیت دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری شخصیات اور فوجی جوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے میتوں کو سلامی دی جبکہ سیاسی و عسکری شخصیات کی طرف سے میتوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ فوجی جوانوں کی اجتماعی نماز جنازہ کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میتوں کو آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا ۔پاک فضائیہ کے اہلکار اویس ظفر کی نماز جنازہ ائیر بیس پر ادا کی گئی جس میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ، وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ، کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل صادق علی ، ڈی جی رینجرز اظہر نوید حیات، پاک فضائیہ کے اسٹیشن کمانڈر ،صوبائی وزیر انسداد دہشتگرد سردار ایوب گادھی، چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر)زاہد سعید، ہوم سیکرٹری میجر (ر)اعظم سلیمان، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا، سی سی پی او کیپٹن (ر) امین وینس سمیت عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے دستے نے میت کو سلامی دی جس کے بعد اعلی سیاسی و عسکری شخصیات کی طرف سے میت پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں ۔اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ اویس ظفر کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔