سائبر حملوں کا خطرہ ،الیکشن کمیشن کے دفاتر میں سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی

پابندی کا اطلاق صوبائی اور آن فیلڈ دفاتر پر بھی ہوگا، نوٹیفیکشن جاری

منگل 4 اپریل 2017 18:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اپریل ء)الیکشن کمیشن نے اپنے ملازمین کو دفاتر کے اندر سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے سائبر حملوں سے بچنے کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں اور ان حملوں سے بچنے کیلئے الیکشن کمیشن نے یوٹیوب،فیس بک اور ٹوئٹر پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے صوبائی اور آن فیلڈ دفاتر پر بھی پابندی کا اطلاق ہوگا جس کیلئے نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا ہے۔ یہ اقدامات سائبر حملوں کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر کئے گئے،الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر 2 بار پہلے بھی سائبرحملے کئے جا چکے ہیں۔کچھ عرصہ پہلے بھی سائبر حملہ کیا گیا تھا تاہم ڈیٹا محفوظ رہا تھا اور 2013 کے عام انتخابات کے دوران بھی سائبر حملہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹرسید اے رحمٰن ظفر کی جانب سے سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے صوبائی الیکشن کمشنرز کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے یہ پابندی کسی بھی ممکنہ سائبر حملے سے بچاؤ کے لیے عائد کی ہے جبکہ اس سے دفتری اوقات میں برقی وسائل کا محدود استعمال بھی یقینی بنایا جاسکے گا۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ صوبائی الیکشن کمشنرز پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی سی ایل) اور نیشنل ٹیلی کمیونیکشن کوآپریشن (این ٹی سی) کے تعاون سے مزکورہ سوشل میڈیا اور اسٹریمنگ سائٹس کی پابندی فوری یقینی بنائیں۔

واضح رہے کہ مائیکروسافٹ کی جانب سے گذشتہ سال جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کے ان ممالک میں سے ایک ہے جہاں سائبر حملوں کی شرح کافی زیادہ ہے۔ ۔