وزارت داخلہ کی جانب سے ہوائی اڈوں پر آمد کے موقع پر ویزوں کے اجراء پر پابندی عائد

منگل 4 اپریل 2017 19:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اپریل ء) پاکستان نے ہوائی اڈوں پر آمد کے موقع پر ویزوں کے اجراء پر پابندی عائد کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے غیر ملکیوں کو ویزے دینے کے نئے ضابطہ کار کو حتمی شکل دیتے ہوئے ہوائی اڈوں پر آمد کے موقع پر ویزوں کے اجراء پر پابندی عائد کردی ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے تمام متعلقہ اعلیٰ حکام کو ہدایت کی ہے کہ نئے ضابطہ کار میں کسی بھی قسم کی نرمی کو برداشت نہیں کیا جا ئے گا۔

نئے ضابطہ کار کو پیر کو اسلام آباد میں وزیرداخلہ کی صدارت میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں حتمی شکل دی گئی۔ جو غیر ملکی پاکستان آنا چاہے گا وہ ضابطہ کار کے مطابق پہلے متعلقہ سفارتخانے میں ویزہ کیلئے درخواست دے گا اور متعلقہ اداروں کی سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہی ویزہ جاری ہو سکے گا ۔

(جاری ہے)

فیصلہ کیا گیا ہے کہ ویزوں کا آن لائن سسٹم شروع کیا جائے گا اور کوئی فارن مشن پانچ سال کا ویزہ جاری نہیں کرسکے گا ۔ ایک سال کا ویزہ جاری ہوسکے گا اور ایسا بھی سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہی ممکن ہوگا ۔ وزیرداخلہ نے انتباہ کیا ہے کہ نئے ضابطہ کار میں کسی قسم کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :