بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی ،لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی بھارتی خلاف ورزیوں کی مذمت

بھارت سیز فائر کی پوری طرح پابندی کرے اور لائن آف کنٹرول پر امن قائم رکھے ،پاکستان

پیر 3 اپریل 2017 19:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء)پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی بھارتی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ بھارت سیز فائر کی پوری طرح پابندی کرے اور لائن آف کنٹرول پر امن قائم رکھے ۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف پیر کو جاری بیان کے مطابق وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیاء و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور بھارتی قابض افواج کی جانب سے یکم اپریل کو لائن آف کنٹرول پر چری کوٹ سیکٹر میں سیز فائر کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کی جس کے نتیجے میں 18 سالہ محمد عتیق قریشی شہید ہو گیا ۔

انہوں نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر پر واضح کیا کہ شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت اور انسانی وقار کے منافی ہے اور یہ بین الاقوامی انسانی قوانین کے خلاف ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر پر زور دیا کہ وہ 2003 ء کے سیز فائر معاہدے کی پابندی کی جائے حالیہ واقعے سمیت ایسے تمام واقعات کی تحقیقات کی جائیں اور بھارتی افواج کو ہدایت کی جائے کہ وہ سیز فائر کا پوری طرح احترام کرے اور لائن آف کنٹرول پر امن قائم رکھے۔