حج پالیسی کے اعلان سے قبل کسی بھی قومی بینک کو حج درخواستیں وصول کرنے کا اختیار نہیں ،ْ وزارت مذہبی امور کی وضاحت

حج درخواستوں کی وصولی کا عمل حج پالیسی کے اعلان کے بعد مقررہ شیڈول کے مطابق شروع ہوگا

پیر 3 اپریل 2017 20:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء)وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ حج پالیسی کے اعلان سے قبل کسی بھی قومی بینک کو حج درخواستیں وصول کرنے کا اختیار نہیں ہے، حج درخواستوں کی وصولی کا عمل حج پالیسی کے اعلان کے بعد مقررہ شیڈول کے مطابق شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

پیر کو جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت مذہبی امور کو اس طرح کی شکایات موصول ہوئی ہیں کہ بینکوں کی طرف سے عوام کو حج درخواستوں کے حوالے سے موبائل فون پر ایس ایم ایس موصول ہو رہے ہیں حالانکہ وزارت مذہبی امور نے کسی بھی بینک کو ابھی تک یہ اختیار نہیں دیا کہ وہ حج درخواستیں وصول کر سکیں۔

سرکاری اور پرائیویٹ سکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی کے لائحہ عمل کا اعلان حج 2017ء کے لئے پالیسی میں کیا جائے گا۔بیان میںکہا گیاہے کہ عوام بینکوں کی طرف سے حج درخواستوں کی وصولیوں کے حوالے سے پیغامات پر توجہ نہ دیں۔ وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی کا مسودہ تیار کرلیا ہے۔ وزیراعظم سے منظوری کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف آئندہ چند دنوں میں حج 2017ء کے لئے پالیسی کا اعلان کریں گے۔

متعلقہ عنوان :