پاکستان ریلویز کی تاریخ کے طاقتور ترین انجن ریلوے فلیٹ کا حصہ بن گئے

پیر 3 اپریل 2017 11:44

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اپریل ۔2017ء)وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے جنرل الیکٹرک کمپنی امریکہ سے خریدے گئے 4000ہارس پاور کے لوکوموٹیوز کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں چیف ایگزیکٹوآفیسر محمدجاوید انور، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینکل انصربلا، چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ وقاراحمدشاہد، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہورسفیان ڈوگر سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر ریلویز نے لوکوموٹیوکی انسپکشن کی اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ جولائی میں خریدے گئے تمام 55لوکوموٹیوز کے پاکستان پہنچنے کے بعد پاکستان ریلویز کی مال برداری کی صلاحیت دوگنا ہوجائے گی۔یہ لوکوموٹیوز کراچی کی بندرگاہ سے کول پاور پلانٹس کوئلے کی سپلائی کے لیے بھی استعمال کیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ نئے لوکوموٹیومجموعی طور پر 3400ٹن لوڈ کھینچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ ریلوے اس پہلے 2250ٹن صلاحیت کے حامل لوکوموٹیوز استعمال کر رہا ہے ۔ یہ لوکوموٹیوز کم ایندھن استعمال کرتے ہیں اور زیادہ انوائیرمنٹ فرینڈلی ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بیمار اور لاغر ریلوے میں نئی زندگی آرہی ہے ۔