ہماری کمزورخارجہ پالیسی سے ملک پراکسی جنگجوں کی آماجگا بن چکا ہے ،مولانا فضل الرحمن

چائنا کی کمیونسٹ پارٹی نے جے یو آئی (ف) کو رسمی طور پر فرینڈز پارٹی ڈکلیئر کیا ہے، پاک چین فرینڈ شپ اقتصادی دوستی میں تبدیل ہورہی ہے،ہمیں امریکہ کی غلامی کی بجائے چین کی طرف جانا ہوگا ،قائد جے یو آئی کا اجتماع سے خطاب

پیر 3 اپریل 2017 11:44

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اپریل ۔2017ء)جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہماری خارجہ پالیسی ہمیشہ سے کمزور رہی ہے کیونکہ ہم نے پاکستان کو دوسروں کے لئے استعمال کیا اور اپنے ملک کو پراکسی جنگوں کی آماجگاہ بنا دیا، چائنا کی کمیونسٹ پارٹی نے جے یو آئی (ف) کو رسمی طور پر فرینڈز پارٹی ڈکلیئر کیا ہے،، پاک چین فرینڈ شپ اقتصادی دوستی میں تبدیل ہورہی ہے،ہمیں امریکہ کی غلامی کی بجائے چین کی طرف جانا ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار مولانا فضل الرحمن نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اسلام کو غلط طریقے سے پیش کیا جارہا ہے تمام مسلم امہ کو متحد ہونا ہو گا ، جمعیت علماء اسلام وہ جماعت ہے جس کو چائنا کی کمیونسٹ پارٹی نے رسمی طور پر فرینڈز پارٹی ڈکلیئر کیا ہے اور کمیونسٹ پارٹی کے ذمہ داران نے کئی مرتبہ چائنا میں آنے کی دعوت بھی دی ہے ہمیں چائنا کے ساتھ فرینڈ شپ کو مزید تقویت دینی ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک ملک کے لئے روشن مستقبل کے طور پر دیکھا جارہا ہے تو ہمیں بھی بطور عوام اس کی فلاح کے لئے اہم کاوشیں کرنا ہوں گی تاکہ اس میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو احساس ہو کہ یہ ہمارا منصوبہ ہے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ امریکہ طاقتور ملک ہے اور ہم بطور پاکستانی امریکہ کے محتاج ہیں ایسے تصورات کے بعد تو پھر ہم نے امریکہ کی غلامی ہی کرنی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ستر سال کے بعد پاک چین دوستی اقتصادی دوستی میں تبدیل ہورہی ہے جو کہ بہت بڑی مثبت پیشرفت ہے لیکن بدقسمتی سے ہماری خارجہ پالیسی ہمیشہ کمزور رہی ہے اور ہم نے اپنے ملک کو دوسروں کے لئے استعمال کیا ہے جس کی وجہ سے ہمارا ملک پراکسی جنگوں کی آماجگاہ بن گیا ہے اگر ان سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے تو آج بھی ہم ان مسائل سے نکل سکتے ہیں اور یہی ہمارا ویژن بھی ہے