کرپشن کے خاتمہ کیلئے عوام کو ردالکرپشن آپریشن شروع کرنا ہوگا،سراج الحق

کرپشن کے کینسر کا علاج صرف عوام کے پاس ہے پانامہ کیس میں عدلیہ سے استدعا کی تھی کہ وزیر اعظم کو اختیارات کے استعمال سے روکا جائے کرپشن کی بیماری حکمرانوں کی وجہ سے پھیل کر نیچے تک سرایت کرگئی ہے ،نااہل حکمرانوں نے کروڑوں نوجوانوں کا مستقبل تاریک کر رکھا ہے عام آدمی حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار ہے قوم میں مایوسی اور بے چینی بڑھ رہی ہے ایسے ظالمانہ نظام سے بغاوت کرنا ہوگی پانامہ کیس کا فیصلہ آئندہ جمعہ سے پہلے آ جائے تو عوام کے اندر اطمینان کی لہردوڑ جائے گی،عوامی جلسہ سے خطاب

پیر 3 اپریل 2017 11:21

راولپنڈی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اپریل ۔2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمہ کیلئے عوام کو ردالکرپشن آپریشن شروع کرنا ہوگاکرپشن کے کینسر کا علاج صرف عوام کے پاس ہے پانامہ کیس میں عدلیہ سے استدعا کی تھی کہ وزیر اعظم کو اختیارات کے استعمال سے روکا جائے کرپشن کی بیماری حکمرانوں کی وجہ سے پھیل کر نیچے تک سرایت کرگئی ہے ،حکومتی کرپشن کی وجہ ہی سے تھانوں پٹوارخانوں سمیت ہر محکمہ میں کرپشن کی بھرمار ہے ۔

اگر کرپٹ حکمران مسلط نہ ہوتے تو یہ زہر ہر جگہ نہ پھیلتاان ڈاکو لٹیروں کو چن چن کر سزا دی جائے کرپشن کرنے والوں کی جگہ اقتدارکے ایوان نہیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل ہے نوجوان بیروز گاری کی وجہ سے پریشان ہیں،نااہل حکمرانوں نے کروڑوں نوجوانوں کا مستقبل تاریک کر رکھا ہے عام آدمی حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار ہے ،قوم میں مایوسی اور بے چینی بڑھ رہی ہے ایسے ظالمانہ نظام سے بغاوت کرنا ہوگی پانامہ کیس کا فیصلہ آئندہ جمعہ سے پہلے آ جائے تو عوام کے اندر اطمینان کی لہردوڑ جائے گی ان خیالات کااظہار انہوں نے راولپنڈی میں بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جلسہ سے شمس الرحمن سواتی ، سید عارف شیرازی اور سجاد عباسی نے بھی خطاب کیا سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمرانوں پر کرپشن کے دھبے نہیں ، کوہ ہمالیہ سے بڑے پہاڑ ہیں ۔

(جاری ہے)

یہاں عوام کے خون پسینے کی کمائی ہڑپ کرنے والے بیٹھے ہوئے ہیں عوام کا کام صرف ٹیکس اور بجلی کے بل ادا کرنارہ گیاہے اور اقتدار میں بیٹھا وی آئی پی ٹولہ قومی دولت کو لوٹ کر بیرون ملک منتقل کررہاہے انہوں نے کہاکہ عوام کو اپنا انتخابی رویہ تبدیل کرنااور اپنی گردنوں کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے ایجنٹوں سے آزاد کراناہوگاانہوں نے کہاکہ حکمران قومی خزانے کو لوٹ کر باہر منتقل کر دیتے ہیں اور آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے قرضے لے کر عوام پر قرضوں کا کوہ ہمالیہ لاد رہے ہیں کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے قوم کا بچہ بچہ مقروض ہے انہوں نے کہاکہ جب تک لٹیروں کے اس ٹولے سے نجات نہیں ملتی ملک میں ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا انہوں نے کہاکہ وی آئی پی ٹولہ پاکستانی آئین کو پامال کرتاہے ، قانون پر عمل صرف غریب کرتاہے ہمیں اس وی آئی پی کلچر سے نجات حاصل کرناہوگی انہو ں نے کہاکہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر تعلیم و صحت کی سہولتیں مفت کردے گی خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے گی ہم ہر بچے کے ہاتھ میں قلم اور کتاب دیکھناچاہتے ہیں سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کشمیر ہر صورت پاکستان بنے گاکشمیر میں آزادی کے لیے جانیں قربان کرنے والے نوجوان پاکستانی پرچم میں دفن ہونے کی وصیت کرتے ہیں جبکہ یہاں کے حکمران بھارت کو بجلی دینے کی باتیں کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل چکاہے پاکستانی حکمران کشمیر کی جدوجہد آزادی کو کندھا دینے کے لیے تیار نہیں ہیں ، جبکہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی سرپرستی چاہتے ہیں انہوں نے کہاکہ حکمران جدوجہد آزادی کے شہدا کے خون سے بے وفائی کر رہے ہیں حکمرانوں کی طرف سے بھارت کو بجلی دینے کے اعلانات اور آلو ٹماٹر کی تجارت کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ۔