پیپلزپارٹی میں شمولیت کی کوششیں، وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر محمد اسماعیل راہو کوعہدے سے ہٹا دیا

سرفراز جتوئی ایڈووکیٹ ان کی جگہ نئے صوبائی صدرمقرر، ہ محمد شاہ مسلم لیگ (ن) کا مرکزی نائب صدربنادیا گیا وزیراعظم نے نئے عہدیداروں کی منظوری دے دی ہے ، آصف کرمانی کی تصدیق

ہفتہ 1 اپریل 2017 22:50

اسلام آباد/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار اپریل ء)مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر محمد اسماعیل راہو کو پیپلزپارٹی میں شمولیت کی کوششوں کے بعد عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ صدر ڈسٹرکٹ بار لاڑکانہ بابوسرفراز جتوئی ایڈووکیٹ کو مسلم لیگ (ن) سندھ کا نیا صدر مقرر کردیا ہے جبکہ شاہ محمد شاہ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی نائب صدر مقرر کئے گئے ۔

ہفتہ کو ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر ووزیراعظم نوازشریف نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر محمد اسماعیل راہو کو ان کے عہدے سے ہٹادیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سید غوث علی شاہ نے جب عہدہ چھوڑا تھا تو اس کے بعد محمد اسماعیل راہو کو (ن) لیگ سندھ کا صدر مقرر کیا گیا تھا تاہم حالیہ دنوں میں وہ پیپلزپارٹی کی اہم شخصیات سے ملاقاتوں اور پی پی پی میں شمولیت کی کوششوں میں پکڑے گئے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اسماعیل راہو پیپلزپارٹی سے رابطوں میں تھے اور وہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کر چکے تھے ۔ وہ اس پہلے پیپلزپارٹی کی چند اہم شخصیات سے ملاقاتیں کر چکے ہیں جبکہ ان کی پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری سے ملاقاتوں کی بھی کوششیں ہو رہی ہیں ۔اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی نے پتہ لگایا تو ان کے رابطے ثابت ہوئے جس پر راہو کو فوری طور پر ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ۔

ان کی جگہ صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد نوازشریف نے سرفراز خان جتوئی کو مسلم لیگ (ن) سندھ کا نیا صوبائی صدر مقررکردیا ہے۔ وہ ڈسٹرکٹ بار لاڑکانہ کے صدر بھی ہیں ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے اسماعیل راہو کو عہدے سے ہٹائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نوازشریف نے نئے عہدیداروں کی منظوری دے دی ہے ۔ آصف کرمانی نے کہا کہ شاہ محمد شاہ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مرکزی نائب صدر مقررکیا گیا ہے ۔ بعض ذرائع کے مطابق اسماعیل راہو کو ان کی ذاتی درخواست پر سبکدوش کیا گیا ۔ وزیراعظم نے ان کی درخواست منظور کر لی تھی ۔ (ن م)