احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے

ہفتہ 1 اپریل 2017 23:13

لاہور۔یکم اپریل (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار اپریل ء)احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف گیپکو میں غیر قانونی بھر تیوں سے متعلق کیس میں پیش نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئی.

(جاری ہے)

احتساب عدالت لاہور میں گیپکو میں غیر قانونی تقرریوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، عدالتی سماعت کے موقع پر سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے راجہ پرویز اشرف کے وکیل پر برہمی کا اظہار کیا، وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ راجہ پرویز اشرف اہلیہ کے علاج کیلئے بیرون ملک ہیں، جس پر عدالت نے قرار دیا کہ گزشتہ سماعت پر آخری موقعہ دیا گیاتھا، آپ نے عدلیہ کو مذاق بنا رکھا ہے، عدالت نے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جو درخواست عدالت میں دی ہے، اس پر بحث کریں، نیب حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گیپکو میں غیر قانونی تقرریوں سے متعلق تحقیقات کے دوران راجہ پرویزاشرف کو طلبی کے نوٹسز بھجوائے مگر وہ پیش نہ ہوئے،راجہ پرویزاشرف نے ایسے افراد کونوکریاں دی،جنھوں نے درخواستیں ہی نہیں دی تھیں،میرٹ کے خلاف ورزی کرتے ہوئے نااہل افرادکو سیاسی طور پر نوازا گیاتحریری امتحان اور ڈومیسائل پالیسی کی بھی خلاف ورزی کی گئی،پرویز اشرف نے صرف اپنا ووٹ بنک مضبوط بنانے کیلئے اہل افرادکو ان کے جائز حق سے محروم کیا، نیب ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اورسابق ایم ڈی پیپکو طاہربشارت چیمہ کو نامزدکیاگیاہے،سابق سیکرٹری وزارت پانی و بجلی شاہد رفیع، سابق ڈائریکٹرز بورڈ آف گورنرز محمد سلیم عارف، ملک محمد رضی عباس اور وزیرعلی بھی ملزمان میں شامل ہیں،سابق سی ای اومحمد ابراہیم مجوکہ اور سابق ڈائریکٹر ایچ آرحشمت علی کاظمی بھی کرپشن ریفرنس میں نامزد ہیں، دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت انیس اپریل تک ملتوی کردی۔