وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے کورکمانڈرلاہورکی ملاقات آپریشن ردالفساد پرتبادلہ خیال

فسادیوں کیخلاف آپریشن مزید تیزکرنےپراتفاق ،دہشتگردی،انتہاپسندی،عسکریت پسندی اورفرقہ واریت کےمکمل خاتمےکےعزم کااعادہ،آخری دہشتگردکےخاتمےتک جنگ جاری رہیگی۔وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اورکورکمانڈرلاہورلیفٹیننٹ جنرل صادق علی کےدرمیان گفتگو

جمعہ 31 مارچ 2017 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ اپریل ء): وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے آج یہاں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے ملاقات کی جس میں پیشہ ورانہ امور، سکیورٹی معاملات اور آپریشن ردالفساد پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور کور کمانڈر لاہور نے دہشت گردوں اور ان کے معاونت کاروں کے خلاف آپریشن ردالفساد کے تحت جاری کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ملاقات میں دہشت گردی، انتہاپسندی، عسکریت پسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور آپریشن ردالفساد کے تحت فسادیوں کے خلاف آپریشن مزید تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے افسروں اور جوانوں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہید پولیس افسروں ، اہلکاروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی لازوال قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے اور قوم کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کی بدولت پاکستان یہ جنگ جیت رہا ہے۔عظیم اور لازوال قربانیوں کے باعث پاکستان میں امن بحال ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی، عسکریت پسندی اور فرقہ واریت کے مائنڈسیٹ کو بھی پوری قوت سے کچلنا ہے۔

دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے مذموم عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے محب وطن اور دلیر عوام کا عزم انتہائی مضبوط ہے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیاسی و عسکری قیادت سمیت پوری قوم ایک صفحے پر ہے۔پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جرأت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔

پاک افواج اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں سمیٹی ہیں۔آپریشن ردالفساد سے وطن عزیز سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے ناسور کا مکمل خاتمہ ہوگا اور پائیدار امن قائم ہوگا۔انہو ں نے کہا کہ ہماری بقا دہشت گردی کے خاتمے میں ہی مضمر ہے اور پوری قوم اس مقصد کے حصول کیلئے یکجا ہے۔

نیشنل ایکشن پلان پاکستان میں امن کی ضمانت ہے۔سیاسی و عسکری قیادت کے متفقہ فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دنیا بھی پاکستان کی عظیم قربانیوں کی معترف ہے اور پاکستان کی عظیم قربانیوں کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے پاکستان میں آگ اور خون کا کھیل بند کراکے دم لیں گے اور اس کیلئے آخری حد تک جائیں گے کیونکہدہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت پاکستانی عوام کا مقدر نہیں۔آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی اورمعصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عبرتناک انجام سے نہیں بچ پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن جو ناپاک سازش کر رہا ہے، اسے اجتماعی کاوشوں سے ناکام بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :