انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر پاکستان تحریک انصاف انتخابی نشان ’’بلا ‘‘کے ساتھ کسی انتخاب میں حصہ نہیں لے سکے گی،الیکشن کمیشن

ہفتہ 1 اپریل 2017 05:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ اپریل ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے آرڈر (پی پی او)2002ء کی شق 11 اور 12 کے تحت انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف انتخابی نشان بلے کے ساتھ کسی انتخاب میں حصہ نہیں لے سکے گی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی کے نئے انتخابات 23 مارچ 2017ء کو کرانا تھے لیکن وہ انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد میں ناکام رہی ہے لہٰذا اب پی ٹی آئی پی پی او 2002ء کی شق 14 کے تحت نئے کسی بھی انتخاب کیلئے الاٹ شدہ انتخابی نشان استعمال کرنے کی اہل نہیں رہی ہے۔

ذرائع نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے چکوال میں آمدہ ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی سے انتخابی نشان ’’بلا‘‘واپس لے لیا ہے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد تک انتخابی نشان بلے کے ساتھ کسی انتخاب میں حصہ نہیں لے سکے گی۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ انٹرا پارٹی انتخابات 23 مارچ 2013ء میں کرائے تھے اور اس نے منشور میں انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے 4 سال کی مدت مقرر کر رکھی ہے۔