مصری رقاصہ کا رمضان میں مذہبی پروگرام پیش کرنے کا اعلان

اعلان پر مذہبی حلقوں کی شدید تنقید،پروگرام روکا جائے ورنہ خودایکشن لیں گے،جامعہ الازھر کا اعلان

پیر 27 مارچ 2017 15:01

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مارچ ء)مصر میں معروف بیلے ڈانسر سما المصری کی جانب سے رمضان المبارک میں ایک مذہبی پروگرام پیش کرنے سے متعلق اعلان نے ملک میں عوامی اور الازہری حلقوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔مذکورہ رقاصہ نے عرب ٹی وی سے گفتگو میں اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ عنقریب اس حوالے سے تفصیلات کا انکشاف کرے گی۔

سما کا کہناتھا کہ ایک سیٹلائٹ چینل کے ساتھ طے ہونے والے معاہدے کے تحت وہ اپنے پروگرام میں مبلغین اور مذہبی شخصیات کی میزبانی کرے گی جو والدین کے حقوق اور ان کی نافرمانی کی سزا پر روشنی ڈالیں گے۔سما المصری نے پروگرام پیش کرنے کے حوالے سے اس مشکل کا اعتراف کیا کہ چینل انتظامیہ اٴْس کو پروگرام میں حجاب کے ساتھ دیکھنا چاہتی ہے جب کہ وہ اس بات کو مسترد کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم وہ اسکارف پہننے پر غور کر رہی ہے۔سما نے بتایا کہ یہ پروگرام جس چینل پر نشر ہو گا اس کا شمار مصر کے صفِ اوّل کے سیٹلائٹ چینلوں میں ہوتا ہے تاہم وہ ابھی اس کا نام نہیں بتا سکتی۔سما المصری کی جانب سے اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک طوفان کھڑا ہو گیا ہے اور عوامی حلقوں نے چینل کے ذمے داران کے احتساب اور اس کے پروگراموں کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہوگا جس سے مصر اور الازہر کے تشخص کو بھی نقصان پہنچے گا۔دوسری جانب الازہر کے علماء کرام نے مذکورہ پروگرام کو روک دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے باور کرایا کہ الازہر اس سلسلے میں خاموش نہیں رہے گا اور اس سلسلے میں پروگرام کو روک دینے اور چینل کے ذمے داران کے خلاف چارہ جوئی کے لیے حکام سے مطالبہ بھی کر سکتا ہے۔علماء کا کہنا تھا کہ وہ باقاعدہ طور پر اس اعلان کے منتظر ہیں جس کے بعد الازہر اپنی کارروائی کا آغاز کرے گے۔