وزیر اعظم کی بلا سود قرض سکیم کے تحت اب تک 6ارب مالیت کے2لاکھ75ہزار بلاسود قرضے دیئے گئے ہیں ،ترجمان

پیر 27 مارچ 2017 11:17

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27مارچ۔2017ء)وزیر اعظم کی بلا سود قرض سکیم کے تحت اب تک 6ارب مالیت کے 275000بلاسود قرضے دیئے گئے ہیں ،ان افراد کا تعلق پاکستان کے 44اضلاع کی 437یونین کونسلوں سے ہے ،ان بلا سود قرضوں کی مالیت 50ہزار تک ہو سکتی ہے جس سے مستفید افراد سلائی کڑھائی ، جنرل سٹور، الیکٹریشن اور موٹر مکینیکل جیسے شعبہ جات میں سرمایہ کاری کر کے معاشی طور پر خود کفالت کی منزل طے کر رہے ہیں ۔

پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اس سکیم کی اہم بات یہ ہے کہ 62فیصد خواتین قرض حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں ، قرض لینے والے اپنے کاروبار میں توسیع یا نیا کاروبار کا میابی کے ساتھ چلانے کے بعد 99فیصد قرض واپس کر رہے ہیں ۔غربت کے خاتمے کے پروگرام (پی پی اے ایف)اپنی 26شراکتی اداروں کی مددسے اس سکیم پر عملدرآمد کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے 54000افرادنے اس سکیم سے مستفید ہوکر اپنے ذاتی کاروبار شروع کر کے اُن کو ترقی دی ہے اور خود انحصاری کی منزل تک پہنچے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم کی نوجوانوں کے لیے کاروباری قرضہ سکیم کے تحت اب تک تقریباً 18ہزار لوگوں کو 18ارب روپے کے قرضے دیئے جا چکے ہیں ۔ پاکستانی شہریت کے حامل 21سے 45سال کی عمر کے افراد اس سکیم کے تحت آسان شرائط پر 20لاکھ تک قرضہ حاصل کر سکتے ہیں ۔

یہ قرضہ 8سال کے عرصہ میں لوٹانا ہوتا ہے جس میں پہلا سال سہولتی سال کہلاتا ہے۔ خواہش مند حضرات نیشنل بنک آف پاکستان اور فرسٹ ویمن بنک لمٹیڈ کے علاوہ 16نجی بنکوں کی نمائندہ شاخوں میں100روپے کا ایک سادہ فام پُر کر کے قرضہ کی درخواست جمع کروا سکتے ہیں ۔