پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت ہونیوالے پارٹی کی اربن تنظیم اجلاس میں تنظیم میں دھڑے بندی ایک مرتبہ پھر سامنے آگئی

ہفتہ 25 مارچ 2017 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مارچ ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت ہونیوالے پارٹی کی اربن تنظیم کے اجلاس میں پی ٹی آئی تنظیم میں دھڑے بندی ایک مرتبہ پھر سامنے آگئی ہے۔ بند کمرے میں ہونیوالے اس اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی اربن تنظیم کے رہنمائوں عفیف صدیقی اور آجاسم شریف نے پارٹی کی اربن تنظیم کے خلاف شکایات کے انبار لگا دئیے۔

(جاری ہے)

ان رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پارٹی کی اربن تنظیم پارٹی کے سینئر رہنمائوں کو اپنے اجلاسوں میں بلانے سے گریزاں ہے۔ جس کی وجہ سے پی ٹی آئی اب بھی دھڑے بندی کا شکار ہے۔ جبکہ اربن تنظیم کے راہنما ولید اقبال کا کہنا تھا کہ پارٹی کی اربن تنظیم سینئر رہنمائوں کو اپنے ہر اجلاس میں مدعو کرتی ہے۔ لیکن اگر کوئی نہیں آتا تو ان کی اپنی مرضی ہے۔ ولید اقبال نے گزشتہ روز پارٹی کے اجلاس میں پیدا ہونیوالی بدمزدگی کو پارٹی کے اربن تنظیم کے خلاف ایک سازش قرار دیا۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بند کمرے کے اجلاس میں پارٹی کے چیئرمین عمران خان شکایات سن کر بھی خاموش رہے۔ (اے ملک)