سپریم کورٹ نے شراب فروشی کی بندش کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا، درخواست سماعت کیلئے منظور

پیر 20 مارچ 2017 23:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مارچ ء) سپریم کورٹ نے سندھ میں شراب فروشی کی بندش کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کر تے ہوئے دائر درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی ہے اورواضح کیا ہے کہ عدالت کا تین رکنی بنچ اس درخواست کی سماعت کرے گا۔ پیرکو جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست کی سماعت کی، واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے شراب کی120 دکانوں کو بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے صوبائی حکومت سے یکم اپریل تک دکانوں کے لائسنس سے متعلق رپورٹ طلب کی تھی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار رکن قومی اسمبلی رامیش کمار نے پیش ہوکرموقف اپنایاکہ ہندو مذہب میں شراب نوشی پر پابندی ہے، ملک میں بعض مقامات پرمسجد، مندر اور چر چ کے قریب شراب خانے واقع ہیں، لہذا میری استدعا ہے کہ سندھ ہائی کور ٹ میں صوبائی حکومت کی جانب سے جواب آنے تک پابندی نہ اٹھائی جائے۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو شراب فروش یونین کے وکیل شاہد حامد نے بتایا کہ شراب کی جودکانیں بند کی گئی ہیں وہ لائسنس یافتہ ہیں اورباقاعدہ حکومت کو ٹیکس دیتے ہیں اس لئے ان پرپابندی عائد کرنا خلاف قانون ہے اس فیصلہ سے متعلقہ لوگوں کا کاروبار ختم ہوجائے گا ، بعد ازاں عدالت نے شراب پر پابندی کا سند ھ ہائی کورٹ کا حکم معطل قرار دیتے ہوئے درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی اورواضح کیا درخواست کی سماعت تین ہفتے میں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :