2013انتخابات میں پیپلزپارٹی کے خلاف سازش ہوئی،آصف علی زرداری

میاں نوازشریف کے پاس اخلاقی طورپرحکمران رہنے کاکوئی جوازنہیں ہے،فاٹاکوخیبرپختونخواہ میں پوری طرح ضم ہوناچاہئے،شریک چیئرمین پی پی پی کا نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال

پیر 20 مارچ 2017 10:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20مارچ۔2017ء) سابق صدرآصف علی زرداری نے کہاہے کہ انتخابات 2013ء میں پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف سازش ہوئی ،جمہوریت کے لئے انتخابی نتائج کوتسلیم کیا،منتخب حکومت کے پاس عوام کامینڈیٹ ہوناچاہئے ،میاں نوازشریف کے پاس اخلاقی طورپرحکمران رہنے کاکوئی جوازنہیں ہے ،فوجی عدالتوں کوملکی مفادمیں قبول کیا،فاٹاکوخیبرپختونخواہ میں پوری طرح ضم ہوناچاہئے ۔

اتوارکے روزنجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے سابق صدرآصف علی زرداری نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی نے جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں ،انتخابات2013ء میں ہمارے خلاف سازش ہوئی،ہم نے جمہوریت کی خاطرانتخابی نتائج کوتسلیم کیا،حکومت کے خلاف احتجاج کے دوران بھی ہم نے جمہوریت کی خاطرحکومت بچائی اوراسمبلی ٹوٹنے سے بچائی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ انتخابات میں شفافیت ہونی چاہئے اورمنتخب حکومت کے پاس عوام کامینڈیٹ ہوناچاہئے ۔

میاں نوازشریف کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں اوراخلاقی طورپرمیاں نوازشریف حکومت کرنے کے اہل نہیں ۔سابق صدرنے کہاکہ ہم نے جیلوں میں رہ کرمقابلہ کیامیں بارہ سال جیل میں رہا،میرے والدنے بھی پانچ سال جیل کاٹی ،شہیدمحترمہ بے نظیربھٹوجمہوریت اورعوام کے لئے لڑتی رہیں اوراپنی جان دیدی ۔انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات قریب ہیں ،بیلٹ پیپرزبین الاقوامی کمپنیوں سے چھپوائے جائیں ،انگوٹھے کے نشان سے انتخابات کوصاف شفاف بنایاجاسکتاہے ۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی خواتین کے حقوق کاخاص خیال رکھتی ہے ،ہم نے دوردرازعلاقوں سے خواتین کومنتخب کرایاہے ۔انہوں نے کہاکہ منفی اثرات کی ہم نے کبھی پرواہ نہیں کی۔قوم کے وسیع ترمفادمیں فوجی عدالتوں کے قیام کوقبول کیا۔فاٹاکوخیبرپختونخواہ میں پوری طرح ضم ہوناچاہئے ،اورفاٹاکے عوام کووہ حقوق ملنے چاہیں جوباقی صوبوں کے عوام کوحاصل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی سندھ کی پارٹی نہیں پورے ملک کی نمائندگی کرتی ہے ،پپلزپارٹی بڑھے گی کم نہیں ہوگی

متعلقہ عنوان :