پاک سری لنکن بحریہ کے درمیان فوجی مشقوں کا انعقاد

آپریشنل تیاریوں اور کوآرڈینشن کا بہترین مظاہرہ کیا گیا بحر ہند میں پاک بحریہ کے جنگی جہازوں اور سری لنکن نیوی نے بحری مشقوں میں حصہ لیا، ترجمان پاک بحریہ

ہفتہ 18 مارچ 2017 22:58

اسلام آباد ، کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مارچ ء)پاکستان اور سری لنکن بحریہ کے درمیان فوجی مشقوں کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران آپریشنل تیاریوں اور کوآرڈینشن کا بہترین مظاہرہ کیا گیا۔پاک بحریہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ کے دو جنگی جہاز پی این ایس نصر اور پی این ایس سیف نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں اپنی تعیناتی کے دوران سری لنکا کے کولمبو پورٹ پہنچے۔

بیان کے مطابق بحر ہند میں پاک بحریہ کے جنگی جہازوں اور سری لنکن نیوی نے بحری مشقوں میں حصہ لیا۔کولمبو کی بندرگاہ پہنچنے پر پاک بحریہ کے جنگی جہازوں کا استقبال سری لنکن بحریہ کے کمانڈر آپریشنز اور سری لنکا میں تعینات پاکستان کے دفاعی اتاشی نے ان کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سری لنکن بحریہ کے افسران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔پاک بحریہ کے جنگی جہازوں کے مشن کمانڈر اور کمانڈنگ آفیسرز نے سری لنکن نیوی کے چیف آف اسٹاف ایڈمرل ایس ایس راناسنگھے سے بھی ملاقات کی۔

راناسنگھے نے حال ہی میں پاک بحریہ کے زیر اہتمام ہونے والی کثیر الاقومی بحری مشقیں 'امن 2017' کا مشاہدہ کرنے پاکستان بھی آئے تھے۔پاک بحریہ کے مطابق 'پاک بحریہ کے جنگی جہازوں کے دورہ سری لنکا سے دونوں ملکوں کی بحریہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور بحری تعاون میں مزید اضافہ ہوگا'۔