کراچی، درگاہ نظام الدین اولیاؒ کے سجادہ نشین منظر عام پر آ گئے

ہفتہ 18 مارچ 2017 23:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مارچ ء) درگاہ حضرت نظام الدین اولیاؒ کے سجادہ نشین اپنے ساتھیوں سمیت کراچی پہنچ گئے ہیں، بھارتی شخصیات متعدد روز سے لاپتہ تھیں۔تفصیلات کے مطابق دو بھارتی شہریوں کی گمشدگی کا ڈراپ سین ہو گیا۔ درگاہ نظام الدین اولیاؒ کے گدی نشین آصف نظامی اور انکے ساتھی ناظم نظامی سے ان کے اہل خانہ کا تین روز قبل رابطہ منقطع ہو گیا تھا جس کی اطلاع بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد کو دی گئی۔

بھارتی کمیشن نے پاکستانی حکام کو دونوں افراد کی گمشدگی کے حوالے سے آگاہ کیا جس کے بعد سندھ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں آصف نظامی کی تلاش شروع کر دی گئی۔ تاہم ہفتہ کی شام دونوں افراد کراچی پہنچ گئے۔ذرائع کے مطابق درگاہ نظام الدین اولیا کے سجادہ نشین آصف نظامی اور ان کے ساتھی ناظم نظامی اندرون سندھ اپنے مریدین سے ملاقات کیلئے گئے تھے جس کے بعد اب وہ واپس کراچی پہنچ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان دونوں شخصیات کی آمد کے ساتھ ہی ان تمام شکوک وشبہات کا خاتمہ ہوگیا جس پر بھارتی میڈیا نے بہت شورمچائے رکھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف نظامی اورناظم نظامی اندرون سندھ قریبی رفقا سے ملنے گئے تھے۔وہ دونوں جس علاقے میں موجود تھے وہاں موبائل فون کی کوریج نہیں تھی، جس کے باعث ان کا رابطہ منقطع ہوگیا تھا اور وہ کسی کو اپنے بارے میں اطلاع نہ دے سکے، تاہم اب وہ خیریت سے کراچی واپس آ گئے ہیں۔

نظام الدین اولیا کے سجادہ نشین پاکستان میں لاپتہ آصف نظامی اور ناظم نظامی شیڈول کے مطابق 20مارچ کو واپس بھارت روانہ ہوں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں قائم بھارتی ہائی کمیشن نے گزشتہ روز ان دونوں شخصیات کی گمشدگی کے حوالے سے پاکستانی دفترخارجہ کو آگاہ کیا تھا اور بھارت میں ان کے اہل خانہ نے بھی اپنی تشویش کا اظہار کیاتھا۔

متعلقہ عنوان :