پرامن سندھ میں دہشت گردی نہیں ہونے دینگے ،دہشت گردوں کو ہرقیمت پر انجام تک پہنچا کردم لیں گے، آصف علی زرداری

ہمیں اپنی حکمت عملی بہتر اور موثر کرنی ہوگی ،کچھ طاقتیں پاکستان میں دہشت گردی کرکے ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں،سجادہ نشینوں و گدی نشینوں اور مختلف بار کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 15 مارچ 2017 23:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات مارچ ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے سربراہ اور سابق صدرآصف علی زرداری نے کہاہے کہ پرامن سندھ میں دہشت گردی نہیں ہونے دیں گے اور دہشت گردوں کو ہرقیمت پر انجام تک پہنچا کردم لیں گے ۔صوبہ سندھ کی مختلف درگاہوں کے گدی نشینوں اور درگاہوں کے سجادہ نشینوں پرمشتمل ایک وفد اورسندھ کے مختلف بار تنظیموں کے وفد نے بلاول ہاوس میں سابق صدر آصف علی زرداری اورپیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقاتیں کی اور انہیں وکلاء برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا،وفد میں شہید بینظیرآباد بار کے صدر ضیاء الحسن لنجار،سندھ ہائی کورٹ بار کراچی کے صدر اور جنرل سیکریٹری شہاب سرکی، کاشف پراچہ ،یاسر شر،ایاز تونیو، حمیداللہ ڈاہری،اسرار احمد، اعجاز سولنگی، حکیم شیخ اور دیگر شامل تھے، درگاہوں کے گدی نشینوں سے ملاقات کے دوران سابق صدر نے کہا کہ کچھ طاقتیں پاکستان میں دہشت گردی کرکے ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں تاہم ہم انہیں بتادیناچاہتے ہیں کہ پاکستان ہمارا ملک ہے ہم اپنے ملک کو کمزور کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں اپنی حکمت عملی بہتر اور موثر کرنی ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ عوام کی مدد سے دہشت گردوں کو کچل کر دم لیں گے، دہشت گردہمارے بچوں اور ملک کے دشمن ہیں، اتحاد اور یکجہتی سے دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے۔ آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ امن کے دشمن کہیں بھی چھپ نہیں سکیں گے ہم پرامن سندھ میں دہشت گردی نہیں ہونے دیں گے اوردہشت گردی کوکچلنے کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائیں گے۔

وکلا ء رہنماوں نے سابق صدر کواپنے مسائل سے آگہا کیا جس پرسابق صدر نے وزیراعلی سندھ کوہدایت کی کہ وکلاء برادری کی فلاح کے لیے جامع پیکیج دیا جائے جس می لائف انشورنس، بار کی ڈسپینسریز کے لیے ایمبولینس اور میڈیکل اسٹاف کی سہولیت،کوآپریٹو سوسائیٹیز،سندھ بینک کے ذریعے سفری سہولیات کی فراہمی ،بارز میں لائبریریز اور آئی ٹی کی فراہمی وغیرہ شامل ہو،آصف علی زرداری نے سندھ حکومت کو یہ بھی ہدایت کی کہ دہشتگردی کا شکار ہونے والے وکلاء کی بیواہوں کی مالی امداد کے ساتھ ان کے بچوں کی تعلیم کے لیے مالی امداد دینے کا طریقہ کار وضح کیا جائے،انہوں نے وکلاء رہنما وں سے بھی کہا کہ سندھ میں وکالت کی مزیدبہترین تعلیم کے لیے بھی حکمت عملی تشکیل دیں،اس موقع پر سندھ ہائی کورٹ بارکراچی، حیدرآباد، خیرپور، شہید بینظیر آباد بارز کے رہنماوں نے آصف علی زرداری کو اپنے اپنے بارز سے خطاب کی دعوت بھی دی۔