وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستارکی زیر صدارت کور ہیڈ کوارٹر ملتان میں اجلاس

چھٹی خانہ و مردم شماری کیلئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی وزیراعلی کا گیریڑن پبلک لائبریری کے منصوبے کا بھی دورہ

منگل 14 مارچ 2017 20:43

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ مارچ ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستارکی زیر صدارت کور ہیڈ کوارٹر ملتان میں اجلاس منعقد ہوا ، جس میں چھٹی خانہ و مردم شماری کے لئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی-بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مردم شماری کے پہلے مرحلے کے لئے تمام انتظامات کرلئے گئے ہیں-اجلاس کے شرکائ نے مردم شماری کے لئے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا-وزیراعلی کوگیریڑن پبلک لائبریری کے منصوبے پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی-وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری بہتر مستقبل کی منصوبہ بندی کے لئے اہم قومی ذمہ داری ہے -ہر سطح پر فعال منصوبہ بندی کرنے کے لئے مردم شماری کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے -انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے پنجاب حکومت نے انقلابی اقدامات کئے ہیں-گیریڑن پبلک لائبریری کا منصوبہ علم کی کرنیں بکھیرنے کے لئے ایک شاندار منصوبہ ہے - پنجاب حکومت اس ضمن میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی-چیف سیکرٹری ، سیکرٹری ہائرایجوکیشن،متعلقہ افسران اور عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی-وزیراعلی نے گیریڑن پبلک لائبریری کے منصوبے کا بھی دورہ کیا اور یہاں انہیں منصوبے پر ہونیوالی پیشرفت او ریہاں دی جانے والی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی-