پاکستان مسلم امہ کے اتحاد کو فروغ دینے کیلئے سفارتی اقدامات کی حمایت کرتا رہے گا

مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز کا قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جواب

پیر 13 مارچ 2017 18:21

اسلام آباد ۔13 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مارچ ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم امہ کے اتحاد کو فروغ دینے کیلئے سفارتی اقدامات کی حمایت کرتا رہے گا‘ پاکستان تمام مسلمان ممالک کے مابین پرامن اور دوستانہ تعلقات پر یقین رکھتا ہے‘ اسی جذبے کے تحت ہمیشہ مسلمان ممالک کے درمیان تنازعات کے تصفیے کے لئے اپنی خدمات اور حمایت کی پیشکش کی ہے۔

پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بتایا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے سعودی عرب اور ایران کا دورہ اس وقت کیا جب ایران میں سعودی سفارتی مشنوں پر حملے کے ضمن میں سعودی عرب نے ایران سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کردیئے تھے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی دونوں مسلمان ممالک کے درمیان تنائو کو ختم کرنے کی کوششوں کی تعریف ایران اور سعودی عرب کے ساتھ ساتھ عالمی برادری نے بھی کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سفارتخانوں اور قونصلیٹ پر مشتمل پاکستان کے بیرون ملک 126 سفارتی مشنز ہیں۔ 2015-16ء کے دوران ان مشنز کیلئے گیارہ ارب 67 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص کئے گئے جبکہ اخراجات گیارہ ارب 72 کروڑ 54 لاکھ 13 ہزار رہے۔ وزارت خارجہ نے سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اوورسیز پاکستانیز ڈویژن قائم کیا ہے۔ تمام مشنز میں فوکل پرسن نامزد کئے ہیں جو شکایات کا ازالہ کرتے ہیں۔ پاکستانی مشنز کی جانب سے وقت لینے کے لئے آن لائن مربوط نظام قائم کیا گیا ہے۔ 92 پاکستانی مشنز میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ آفس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ دس پاکستانی مشنز میں نادرا کی سہولیات دی جارہی ہیں۔کمیونٹی ویلفیئر فنڈ سے زیر حراست افراد کی قانونی امداد کی جاتی ہے۔