الیکشن کمیشن کوئی دباؤ قبول نہیں کریگا، مکمل غیر جانبداری کے ساتھ اپنا کام کیا جائیگا ،بابر یعقوب

الیکشن کمیشن 90روز کے اندر انتخابات کرانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے ،مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیاں کی جائیں ،سیکرٹری الیکشن کمیشن کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

پیر 13 مارچ 2017 10:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13مارچ۔2017ء) سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن کسی بھی سیاسی جماعت کی جانب سے دباؤ قبول نہیں کر یگا اور مکمل غیر جانبداری کے ساتھ اپنا کام کرے گا،الیکشن کمیشن 90روز کے اندر اندر انتخابات کرانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے ،مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیاں کی جائیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل کو انٹریو کے دوران کیا انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے جوڈیشیل کمیشن کی رپورٹ میں جن خامیوں کی نشاندھی کی تھی اس پر الیکشن کمیشن نے پوری توجہ کے ساتھ کام شروع کر دیا تھا اور چارنکات پر اپنی توجہ مرکوز رکھی جن میں مانیٹرنگ،کورڈینیشن،ٹریننگ اور پلاننگ شامل ہے انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے اپنے عملے کی تربیت کا بھر پور پروگرام شروع کیا ہے اس کے ساتھ ساتھ الیکشن میٹریل کی سٹوریج کیلئے 29مقامات پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں انہوں نے کہاکہ اگلے انتخابات کی تیاری کیلئے بہت کم وقت رہے گیا ہے اور مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیاں بھی کی جائیں گی انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے اپنی غیر جانبداری کو ہر صورت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے بدقسمتی سے بعض سیاسی جماعتیں یا افراد الیکشن کمیشن کو بھی ایک وزارت کے طور پر دیکھتی ہیں انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کسی بھی سیاسی جماعت کی جانب سے دباؤ کو برداشت نہیں کرے گی اور اپنا کام ڈٹ کر کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :