پاک فوج سی پیک کیخلاف دشمنوں کے ایجنڈے سے آگاہ، ناکام بنانے کیلئے پوری طرح تیار ہے، آرمی چیف

منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے چین کی مدد اور معاونت کی قدر کرتے ہیں،سی پیک اور اس پر کام کرنیوالوں کی سیکیورٹی یقینی بنائینگے، سپیشل سیکیورٹی ڈویژن کی اس حوالے سے تیاریاں اور انتظامات قابل تحسین ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایس ایس ڈی کے دورے کے موقع پر گفتگو، تفصیلی بریفنگ دی گئی

ہفتہ 11 مارچ 2017 20:06

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مارچ ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج سی پیک کیخلاف دشمنوں کے ایجنڈے سے آگاہ اور عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری طرح تیار ہے ۔منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے چین کی مدد اور معاونت کی قدر کرتے ہیں۔سی پیک اور اس پر کام کرنیوالوں کی سیکیورٹی یقینی بنائینگے۔

سپیشل سیکیورٹی ڈویژن کی اس حوالے سے تیاریاں اور انتظامات قابل تحسین ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہفتہ کو سپیشل سیکیورٹی ڈویژن (ایس ایس ڈی) کا دورہ کیا۔ اس سپیشل ڈویژن کو سی پیک اور دوسرے منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

آرمی چیف کو سپیشل سیکیورٹی ڈویژن کی سربراہی میں سیکیورٹی میکانزم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے سربراہ نے پاکستان آرمی کی طرف سے سی پیک اور اس پر کام کرنیوالوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے چین کی مدد اور معاونت کی قدر کرتے ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج سی پیک کیخلاف دشمنوں کے ایجنڈے سے آگاہ اور عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ آرمی چیف نے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے حوالے سے ایس ایس ڈی کی تیاریوں اور انتظامات کو سراہا۔ قبل ازیں ایس ایس ڈی پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال جنرل آفیسر کمانڈنگ سپیشل سروسز ڈیژن میجر جنرل عابد رفیق نے کیا ۔ چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر بھی اس موقع پر موجود تھے۔