پاک بحریہ نے سی ٹی ایف 151کی کمانڈ جاپانی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے حوالے کردی

بین الاقوامی اور خطے کی صورتحال متغیر اور چیلنجنگ ہے ، ان حالات میں سمندر میں بحری قوتوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے والے بحری سیکیورٹی نظام کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، بین الاقوامی امن و استحکام کیلئے پاک بحریہ دیگر ممالک کی بحری افواج کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی ،پاک بحریہ کے کموڈور محمد شعیب کا تقریب سے خطاب

جمعہ 10 مارچ 2017 20:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ مارچ ء)پاک بحریہ نے کثیرالملکی کمبائنڈ ٹاسک فورس 151(انسدادِ بحری قذاقی ٹاسک فورس) کی کمانڈ جاپانی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے حوالے کردی۔ جمعہ کو تبدیلی کمانڈکی پُر وقار تقریب کمبائنڈ میری ٹائم فورسز ہیڈکوارٹرز بحرین میں منعقد ہوئی۔ پاک بحریہ کے کموڈور محمد شعیب نے کمانڈ جاپانی بحریہ کے رئیر ایڈمرل چینگ کوک چین کے حوالے کی۔

تقریب کی صدارت کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورسزامریکی بحریہ کے وائس ایڈمرل کیون مائیکل ڈونیگن نے کی جب کہ تقریب میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک کے علاوہ بحری اتحاد میں شامل غیر ملکی بحری افواج کے سینئر افسران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔تقریب کے آغاز میں سبکدوش ہونے والے کمانڈر ، کموڈور محمد شعیب نے سی ٹی ایف 151 کی حالیہ کامیابیوں کا جائزہ پیش کیا جس میں انہوں نے کولیشن پارٹنرزکا شکریہ ادا کیا جس کی بدولت وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دینے میں کامیاب رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سی ایم ایف ہیڈکوارٹرز، ترکی اور جاپان کے افسران پر مشتمل اپنے اسٹاف کی کارکردگی کو سراہا اور اپنی کمانڈکے دوران بحری اور ہوائی جہاز فراہم کرنے پر ترکی ،جاپان اورجنوبی کوریا کی بحری افواج کا شکریہ بھی ادا کیا۔سبکدوش ہونے والے کمانڈر نے مزید کہا کہ بین الاقوامی اور خطے کی صورتحال متغیر اور چیلنجنگ ہے۔ ان حالات میں ایسے بحری سیکیورٹی کے نظام جو سمندر میں بحری قوتوں کے درمیان تعاون کو فروغ دیتے ہیں کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ دیگر ممالک کی بحری افواج کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانونی طور پر جائز اُمور کی انجام دہی کے لئے بحری سیکیورٹی ، تجارت اور آمدورفت کی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کوشاں رہے گی۔حال ہی میں پاک بحریہ کے زیرِ انتظام کراچی میں منعقد ہونے والی کثیرالملکی بحری مشق امن 17میں 37ممالک کی شرکت کے بارے میں ذکر کرتے ہوئے کموڈور شعیب نے کہا کہ پاک بحریہ بین الاقوامی بحری کمیونٹی کے مابین امن اور ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

سی ٹی ایف 151 کے لیے پاک بحریہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورسز وائس ایڈمرل ڈونیگن نے کہا کہ اپنی کمانڈ کے دوران پاک بحریہ کے افسران اور سیلرز کی انتھک محنت کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے زیرِ انتظام علاقے کو مزید محفوظ بنانے کی وجہ بنی۔اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرارداد کے تناظر میں کمبائنڈ ٹاسک فورس151- کا مقصد سمندر میں قذاقی کی روک تھام اور بیخ کنی ہے اورعلاقائی اورعالمی ممالک کے ساتھ کام کرکے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تاکہ آمدورفت کی آزادی اور بین الاقوامی بحری تجارت کو محفوظ بنایا جاسکے۔

پاک بحریہ نے آٹھویں بار CTF151کی کمانڈ کامیابی سے مکمل کی ہے جو پا ک بحریہ پر کولیشن پارٹنرز کے اعتماد کامنہ بولتا ثبوت ہے۔اس کے ساتھ ساتھ ، پاک بحریہ CTF150کی بھی نو مرتبہ کمانڈ سنبھال چکی ہے۔ پچھلے برسوں میں پاک بحریہ نے نہ صرف پاکستان کے بحری مفادات کے لیے کام کیا ہے بلکہ بین الاقوامی کولیشن آپریشنز کا بھی اہم حصہ رہی ہے۔