چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی قیادت کا اہم اجلاس

مراد سعید کے ساتھ حکومتی رکن کی بدتمیزی اور ہرزہ سرائی کی شدید مذمت جاوید لطیف کیخلاف سخت ترین حکمت عملی اختیار کرنے ، رکنیت خاتمے کیلئے فوری طور پر سپیکر قومی اسمبلی کے ہاں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

جمعہ 10 مارچ 2017 22:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ مارچ ء)اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ چیئرمین عمران خان نے اجلاس کی زیر صدارت کی ۔اجلاس میںمراد سعید کے ساتھ حکومتی رکن کی بدتمیزی اور ہرزہ سرائی کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں جاوید لطیف کیخلاف سخت ترین حکمت عملی اختیار کرنے اور ان کی رکنیت کے خاتمے کیلئے فوری طور پر سپیکر قومی اسمبلی کے ہاں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

اجلاس میںپنجاب، پختونخوا اور سندھ اسمبلیوں میں مذمتی قراردادیں لانے پر بھی مکمل اتفاق کیا گیا۔ اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و مرکزی ترجمان نعیم الحق نے کہا کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق اور سینٹ میں قراداد لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ حکومتی رکن نے ازحد بے حیائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئین کے آرٹیکل35 کی دھجیاں اڑائیں۔

آئین کا آرٹیکل 35 کنبے اور گھرانے کی تعظیم و تکریم کی ضمانت دیتا ہے۔بطور رکن قومی اسمبلی اس قسم کی گفتگو کے ذریعے جاوید لطیف نے آرٹیکل 62اور 63کا بھی خون کیا۔ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے اور بدزبانی و فحش گفتگو کرنے والا شخص پارلیمان کا حصہ نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تحریک انصاف نے سوات کی شریعت کورٹ میں جاوید لطیف کیخلاف قذف کا مقدمہ درج کروانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

تحریک انصاف خواتین اور خاندان جیسی بنیادی اکائی پر شرمناک حملے کیخلاف ملک گیر آواز بلند کرے گی۔ اور ملکی سطح پر "یوم تعظیمِ نسواں" منائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام، سول سوسائٹی، حقوق نسواں کی تنظیموں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد سے سپورٹ کی اپیل کرتے ہیں۔خواتین کی تعظیم اور خاندان جیسی بنیادی اکائی کی ساکھ کے تحفظ کی خاطر آواز بلند کرنا ہوگی۔جاوید لطیف کا بھرپور سیاسی و سماجی بائیکاٹ جاری رہے گا۔تحریک انصاف اس شخص کی موجودگی میں کسی سیاسی مباحثے یا مذاکرے میں شریک نہیں ہوگی۔