وزیراعظم نوازشریف نے ٹھٹھہ اور سجاول کیلئے 500 بستروں پر مشتمل ہسپتا ل، 110کروڑ روپے کی لاگت سے گیس کی فراہمی کا اعلان کردیا

سندھ کی تعمیر نو کرکے محرومیاں دور کرینگے ، میاں نواز شریف جو معاملات صوبائی حکومت کو حل کرنے چاہیں وہ ہم حل کرکے بھٹائی و لعل شہباز قلندر کی دھرتی کی پیاس بجھائیں گے وہ وقت دور نہیں جب سندھ کے کونے کونے میں پانی و بجلی کی سہولیات پہنچیں گی، وزیراعظم صوبائی حکومت عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں اپنا حصہ ڈالے یا نہ ڈالے میں خود ہیلتھ کارڈ جاری کروں گا، جلسے سے خطاب

جمعرات 9 مارچ 2017 20:53

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ مارچ ء) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سندھ کی تعمیرِ نو کرکے محرومیاں دور کریں گے،جو معاملات صوبائی حکومت کو حل کرنے چاہییئںوہ ہم ٹھیک کرکے بھٹائی و لعل شہباز قلندر کی دھرتی کی پیاس بجھائیں گے،وہ وقت دور نہیں جب سندھ کے کونے کونے میں پانی و بجلی کی سہولیات پہنچیں گی،وزیراعظم نوازشریف نے ٹھٹھہ اور سجاول کیلئے 500 سو بستروں پر مشتمل ہسپتا ل اور 110کروڑ روپے کی لاگت سے گیس کی فراہمی کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے ٹھٹھہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے کونے کونے میں تازہ ہوا چلے گی اور ہم سندھ کی تعمیرِ نو کریں گے، ٹھٹھہ آ کر بہت خوشی ہورہی ہے، خوشی میں ہوا بھی چل رہی ہے جھنڈے بھی لہرارہے ہیں اور لوگوں کے چہروں پر بھی خوشی کی لہر دیکھ رہا ہوں،اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی جلسے میں موجود تھے،وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کے ساتھ ساتھ سندھ کے دیہی علاقوں کو بھی خوبصورت بنائیں گے، شاہ عبدالطیف بھٹائی اور شہباز قلندر کی دھرتی کی پیاس بجھائیں گے، انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کی محرومیاں دور کرنیکا عزم کرلیا ہے، اور اب وہ سندھ کے عوام کو پانی ، بجلی اور سڑکیں دیں گے، سندھ کی محرومیاں دور کریں گے،ان کا کہنا تھا کہ آج جو مطالبات ان سے ٹھٹھہ کے لوگوں نے کیے ہیں وہ صوبائی معاملات ہیں، مگر آج وفاقی حکومت وعدہ کرتی ہے کہ وفاق یہ مسائل حل کرے گا، یہ سارے معاملات صوبے کو حل کرنے چاہیئیں لیکن چونکہ یہ مسائل حل نہیں ہوئے اس لیے میں حاضر ہوں، اللہ نے وزیراعظم بنایا ہے تو عوام کے مسائل ضرور حل کروں گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نواز شریف نے ہیلتھ کارڈز کے اجراء اور ہسپتال کے قیام کا اعلان بھی کردیا،سجاول سمیت سندھ کے دیگر شہروں کے لیے ہیلتھ کارڈ کا اعلان کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ٹھٹھہ میں 500 سو بستروں پر مشتمل ہسپتا ل بھی تیار کیا جائے گا، سندھ اور خیبرپختونخوا حکومت نے ہیلتھ کارڈ جاری کرنے سے منع کردیا تھا اور کہا تھا کہ وہ ہیلتھ کارڈ خود جاری کریں گے، مگر ایسا نہیں ہوا،انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں اپنا حصہ ڈالے یا نہ ڈالے میں خود ہیلتھ کارڈ جاری کروں گا، جو سرکاری اور نجی اسپتالوں میں استعمال ہوسکے گا۔

سجاول اور ٹھٹھہ کے لیے گیس کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گیس کی فراہمی پر 110کروڑ روپے لاگت کا منصوبہ شروع کیا جائے گا، ٹھٹھہ اور سجاول کے لیے گیس کی فراہمی پر 110کروڑ روپے قربان ہیں،عوام کو بجلی کے بلوں کی ادائیگی کی تجویز دیتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا جو لوگ بل ادا نہیں کرتے ان کی وجہ سے بل بھرنے والے شہریوں کو بھی تکلیف اٹھانا پڑتی ہے،نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں بجلی کے مسئلہ پر بڑی حد تک قابو پایا جاچکا ہے سوائے ان علاقوں کے جہاں لوگ بلوں کی ادائیگی نہیں کرتے،وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ وہ وزیر پانی و بجلی کو بہت جلد سندھ بھجوائیں گا اور سندھ کے گاؤں گاؤں میں بجلی پہنچائی جائے گی، سندھ میں زمینوں کے کٹاؤ کا مسئلہ حل ہونا چاہیئے جس کے لیے بند تعمیر کیا جائے گا،واضح رہے کہ وزیراعظم کے خطاب کے لیے مکلی اسٹیڈیم میں جلسہ کے انتظامات کیے گئے تھے اور بم پروف اسٹیج تیار کیا گیا تھا،اس موقع پر سیکیورٹی صوتحال یقینی بنانے کے لیے کمانڈوز کی بڑی تعداد اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی جلسہ گاہ کے نزدیک تعینات کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :