سپیکر قومی اسمبلی کاجاوید لطیف پر مراد سعید کی دست درازی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم

ذمہ داروں کا تعین کر کے سپیکر آفس کو آگاہ کیا جائے ،ْ سردار ایاز صادق مراد سعید نے ایوان میں سپیکر کی توہین کی ‘ باہر آئے تو میرے ساتھ جھگڑے پر اتر آئے‘ انہیں تربیت کی ضرورت ہے ،ْجاوید لطیف

جمعرات 9 مارچ 2017 23:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ مارچ ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے گرائونڈ فلور پر مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف پر پی ٹی آئی کے رکن مراد سعید کی دست درازی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کا تعین کر کے سپیکر آفس کو آگاہ کیا جائے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ پٹھانوں کے حوالے سے کسی بھی قسم کا تعصب درست نہیں ،ْپٹھان مہمان نواز قوم ہیں۔ اگر اس بات کو مد نظر رکھا جائے تو مہمان کھلاڑیوں کے حوالے سے کسی کو بھی نازیبا الفاظ ادا نہیں کرنے چاہئیں تھے۔

(جاری ہے)

ان کی اس بات پر پی ٹی آئی کے ارکان نے ایوان میں احتجاج شروع کر دیا، صورتحال کو بھانپتے ہوئے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا۔

اس کے بعد پی ٹی آئی کے ارکان اور میاں جاوید لطیف سمیت دیگر ارکان جب ہال سے نکل کر گرائونڈ فلور پر گیٹ نمبر1کے پاس پہنچے تو پی ٹی آئی کے رکن مراد سعید نے میاں جاوید لطیف کے ساتھ شدید تلخ کلامی شروع کر دی اور میاں جاوید لطیف اور دیگر ارکان کے منع کرنے کے باوجود مراد سعید نے میاں جاوید لطیف کی کنپٹی پر مکا مار دیا۔ اس واقعہ کو موقع پر موجود ارکان اسمبلی اور دیگر سٹاف نے انتہائی افسوسناک قرار دیا۔

بعدازاں مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی میاں عبدالمنان اور میاں جاوید لطیف نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی اور انہیں واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ سردار ایاز صادق نے واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے دونوں ارکان کو یقین دلایا کہ واقعہ کی تحقیقات کرائی جائے گی اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔ بعدازاں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے کہا کہ مراد سعید نے ایوان میں سپیکر کی توہین کی ‘ باہر آئے تو میرے ساتھ جھگڑے پر اتر آئے‘ انہیں تربیت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان خود ’’پھٹیچر‘‘ اور’’ ریلوکٹے‘‘ جیسے الفاظ استعمال کرتے ہیں اور ان کے اراکین قومی اسمبلی بھی ایسا ہی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مراد سعید نے آج سینئر ارکان اسمبلی پر ہاتھ اٹھایا، ان کی تربیت کی ضرورت ہے ۔ میں نے ان کو سمجھانے کی کوشش کی مگر وہ میرے گلے پڑ گئے وہ میرے بچوں کی جگہ ہیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں منان بھی موجود تھے۔دریں اثناء ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا کہ جسمانی چوٹ کی تو کوئی حیثیت نہیں، اپنے باپ کی عمر کے شخص پر مراد سعید نے جس طرح ہاتھ اٹھایا اس سے ان کے دل کو ٹھیس پہنچی ہے۔