کسی بھی ملک سے فنڈز لینے کا الزام ثابت ہوجائے تو ہر سزا بھگتنے کیلئے تیار ہوں،طاہر محموداشرفی

آپریشن رد الفساد کی حمایت کرتے ہیں تاہم آپریشن کی آڑ میں دینی مدارس اور علماء کرام کو نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے ، حکومت سوشل میڈیا پر شان رسالت میں گستاخی کرنیوالوں کو سخت سزائیں دے ،چیئرمین پاکستان علماء کونسل کی پریس کانفرنس

بدھ 8 مارچ 2017 20:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات مارچ ء) پاکستان علماء کونسل کے چیرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کونسل کے سابقہ جنرل سیکرٹری زاہد محمود قاسمی کی جانب سے امریکہ اور جرمنی سمیت عرب ممالک سے فنڈز حاصل کرنے کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ کسی بھی ملک سے فنڈز لینے کا الزام ثابت ہوجائے تومیں ہر سزا بھگتنے کیلئے تیار ہوں ،12اپریل کو اسلام آباد میں عالمی پیغام اسلام کانفرنس میں اسلامی ممالک سے اہم شخصیات اور پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتیں شرکت کریں گی،اپریشن رد الفساد کی حمایت کرتے ہیں تاہم اپریشن کی آڑ میں دینی مدارس اور علماء کرام کو نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے نیشنل پریس کلب میں علماء کونسل کی مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طاہر اشرفی نے کہاکہ پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ ،عاملہ اور صوبائی ذمہ داروں نے میرے اوپر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے انہوںنے کہاکہ کونسل کے سابقہ جنرل سیکرٹری کی جانب سے جو الزامات عائد کئے ہیں اس میں کسی قسم کی صداقت نہیں ہے اور جن ممالک کی جانب سے فنڈز لینے کا الزام عائد کیا گیا تھا انہوںنے ہی اس کی تردید کی ہے انہوںنے کہاکہ پاکستان علماء کونسل میں کسی قسم کی دھڑے بندی نہیں ہے اور کونسل کے تمام ادارے مکمل طور پر فعال ہیں انہوںنے کہاکہ کونسل کے سابقہ جنرل سیکرٹری کے ہمراہ کونسل کا کوئی بھی ذمہ دار نہیں ہے انہوں نے کہاکہ سابق جنرل سیکرٹری کی جانب سے جو الزامات عائد کئے گئے ہیں ان کے بارے میں دو ماہ قبل کونسل کے اجلاس میں یہ پیش کش کی تھی کہ ان الزامات کو ثابت کریں میں نہ صرف چیرمین کے عہدے سے دستبردار ہوجائونگا بلکہ ہر سزا بھگتنے کیلئے بھی تیار ہوں انہوںنے کہاکہ میری جانب سے وضاحت پیش کرنے کے باوجود سابق جنرل سیکرٹری نے نام نہاد اجلاس بلا کرمیرے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں جن کے خلاف ہم عدالتوں سے رجوع کریں گے انہوںنے کہاکہ پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام12اپریل کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں دوسری عالمی پیغام اسلام کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں آمام کعبہ سمیت دنیا بھر سے اہم اور جید علماء کرام شرکت کریں گے انہوںنے کہاکہ پیغام اسلام کانفرنس کے موقع پر پاکستان علماء کونسل کی جانب سے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور آمن کے قیام کیلئے ایک مشترکہ قومی بیانیہ پیش کیاجائے اور ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو پیغام اسلام کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی انہوںنے کہاکہ پاکستان علماء کونسل ملک میں اپریشن رد الفساد کی مکمل حمایت کرتی ہے تاہم اپریشن کی آڑ میں مساجد اور مدارس کو نشانہ بنانے کی بجائے بلاتفریق دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کی جائے انہوںنے کہاکہ ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کی بنیادی وجہ سے یہی تھی کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت صرف مدارس اور مساجد کونشانہ بنایا گیا اور دہشت گردی میں ملوث اصل طبقے کو نظر انداز کیا گیا انہوںنے کہاکہ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو دہشت گردی کے خلاف اسلامی ممالک کی فوج کی سربراہی دینے کی مکمل حمایت کرتے ہیں اس اتحاد میں ایران سمیت دیگر ممالک بھی جلد ہی شامل ہو جائیں گے انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے جو ملک بھی آگے آئے گا ہم اس کی مکمل تائید اور حمایت کریں گے انہوںنے کہاکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شان رسالت میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف کاروائی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اورحکومت سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر جو بھی شان رسالت میں گستاخی کا مرتکب ہواسے سخت ترین سزا دی جائے ۔

اعجاز خان

متعلقہ عنوان :