جماعت اسلامی کی خوشحال پاکستان فنڈ ریزنگ مہم،ملتان کے بازاروں میں جھولی پھیلا کر فنڈ جمع

عوام خوشحال پاکستان فنڈ میں بھر پور حصہ لیں اور مالی تعاون کریں تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے دیانتدار افراد کو اسمبلیوں میں بھیجا جا سکے،رہنما جماعت اسلامی

بدھ 8 مارچ 2017 22:46

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات مارچ ء)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر اسلامی پاکستان ، خوشحال پاکستان فنڈ ریزنگ مہم کے سلسلے میں جماعت اسلامی ملتان کی جانب سے چوک بازار حسین آگاہی چوک کے بازاروں میں جھولی پھیلا کر فنڈ جمع کیا گیا۔ تاجروں، دکانداروں، راہ گیروں نے جھولی فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ ملتان میاں آصف محمود اخوانی ، کلیم اکبر صدیقی ، خواجہ عبیدالرحمن، مولانا عبدالرزاق، شیخ منظور الہی، چودھری ظفر اقبال آرائیں، عبدالرحمن حیدری کے علاوہ دیگر ذمہ داران و کارکنان نے دکان دکان جاکر تاجروں، راہ گیروں میں ہینڈ بلز تقسیم کئے اور فنڈ اکٹھا کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ ملتان میاں آصف محمود اخوانی نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کو آپ کا اعتماد چاہئے یہ اسی صورت ممکن ہوگا کہ آپ ان کی اپیل پر خوشحال پاکستان فنڈ میں بھر پور حصہ لیں اور مالی تعاون کریں تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے دیانتدار، باصلاحیت ، خوف خدا رکھنے والے افراد کو اسمبلیوں میں بھیجا جا سکے تاکہ ملک سے لوٹ کھسوٹ، اقرباء پروری اور ظلم وجبر کے کلچر سے نجات ملے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن ایک ناسور کی صورت اختیار کرچکی ہے اس نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے کرپشن کی ذمہ دار نا اہل، بد دیانت قیادت، جاگیر دار، مفاد پرست، لٹیروں پر مشتمل ٹولہ ہے جو ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ ہوجائے تو ملک میں ترقی وخوشحالی ہوگی، غربت کا خاتمہ ہوگااور یہ کام صرف جماعت اسلامی کرسکتی ہے جس کی قیادت بے داغ اور با صلاحیت ہے ۔انہوں نے کہا کہ مفاد پرست قیادت کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔