نیب نے پلاٹ سکینڈل میں صدر ممنون حسین کے سیکرٹری کو طلب کر لیا

شاہد خان نے نیب میں جاری انکوائری رکوانے کیلئے صدر مملکت سے مداخلت کی درخواست کی ، ممنون نے مسترد کر دی شاہد خان نے بطور سیکرٹری داخلہ اختیارات کا ناجائر استعمال کیا، نیشنل پولیس فائونڈیشن سے رہائشی کی بجائے کمرشل پلاٹ الاٹ کروا کر فوری فروخت کردیااور کروڑوںکا فائدہ اٹھا یا

بدھ 8 مارچ 2017 22:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات مارچ ء)قومی احتساب بیورو (نیب ) نے پلاٹ سکینڈل میں صدر مملکت ممنون حسین کے سیکرٹری شاہد خان کو طلب کر لیا ، شاہد خان نے نیب میں جاری انکوائری رکوانے کیلئے صدر مملکت ممنون حسین سے مداخلت کی درخواست کی جسے صدر مملکت نے مسترد کر دیا ، شاہد خان نے بطور سیکرٹری داخلہ اختیارات کا ناجائر استعمال کرتے ہوئے نیشنل پولیس فائونڈیشن سے رہائشی کی بجائے کمرشل پلاٹ الاٹ کروا کر فوری طور پر فروخت کردیا تھا اور کروڑوں روپے کا فائدہ اٹھا لیا تھا ۔

بدھ کو معتبر ذرائع کے مطابق نیشنل پولیس فائونڈیشن سے اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے رہائشی کی بجائے کمرشل پلاٹ لینے پر نیب نے شاہد خان کو بار بار طلب کیا لیکن وہ نیب کے تفتیشی افسران کے سامنے پیش نہیں ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شاہد خان نے جب سے سیکرٹری ٹو پریذیڈنٹ کا عہدہ سنبھالا ہے اس وقت سے وہ نیب کے خطوط کا جواب نہیں دے رہے ۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں شاہد خان نے صدر مملکت سے نیب کی انکوائری بند کروانے کے لئے ان کی مدد کرنے کا کہا تو صدر نے دو ٹوک انداز میں انکار کر دیا اور کہا کہ وہ کرپشن چھپانے میں کسی کی مدد نہیں کرینگے ،اگرنیب کوئی انکوائری کر رہا ہے تو قانون کے مطابق اس انکوائری میں پیش ہونا چاہیے ، ذرائع کے مطابق نیب نے پلاٹ سکینڈل مین تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے اور پولیس فاونڈیشن کے ایک ڈائریکٹر سمیت دیگر عہدیداروں کے بیانات قلمبند کر لئے ہیں واضح رہے کہ شاہد خان جب سیکرٹری داخلہ تھے تو اس وقت وہ نیشنل پولیس فائونڈیشن کے چیئرمین بھی تھے اور بطور چیئرمین ان کو پولیس فائونڈیشن کا ایک رہائشی پلاٹ ملنا تھا تاہم انہوں نے پولیس فائونڈیشن کی انتظامیہ سے مل کر رہائشی کی بجائے کمرشل پلاٹ لے لیا تھا اور اس پلاٹ کو فوری طور پر 5کروڑ روپے میں فروخت کر دیا تھاجس پر شاہد خان کے خلاف نیب نے اختیارات کے ناجائز استعمال کی انکوائری شروع کی تھی ۔

(آچ)