پاک فوج کا افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانے پر بڑا حملہ، 6 خطرناک اور انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ہلاکت کی مصدقہ اطلاعات

پاک فوج نے سرحد پار افغانستان سے دہشت گردوں کا پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملہ ناکام بنا دیا ،دس سے زائد دہشت گرد ہلاک، پانچ جوان بھی جام شہادت نوش کر گئے پاک فوج کے شہداء کی کور ہیڈ کوارٹرز پشاور میں نماز جنازہ ادا ،مکمل فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک سیاسی و عسکری قیادت نے وطن کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے شہداء کو خراج عقیدت پیش افغانستان اپنی طرف سرحد پر دہشت گردوں کی آمدو ورفت روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے،آرمی چیف پاکستان کا معاملہ امریکی اتحادی افواج کے ساتھ بھی اٹھانے کا فیصلہ ، افغان نائب سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکار ڈ کرایا گیا

پیر 6 مارچ 2017 21:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مارچ ء) پاک فوج کے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں کا پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملہ ناکام بنا دیا اور دس سے زیادہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ، پاک فوج کے پانچ جوان بھی دہشت گردوں سے جھڑپ میں جام شہادت نوش کر گئے جن کی کور ہیڈ کوارٹرز پشاور میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی اور بعد ازاں انھیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ، سیاسی و عسکری قیادت نے وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے افغانستان سے کہا ہے کہ وہ اپنی طرف سرحد پر دہشت گردوں کی آمدو ورفت روکنے کے لئے اقدامات اٹھائے۔

پاکستان نے معاملہ امریکی اتحادی افواج کے ساتھ بھی اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ افغان نائب سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج بھی کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی رات دہشت گردوں کے ایک گروہ نے افغان سرحد سے آکر مہمند ایجنسی میں واقع تین چیک پوسٹوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم پاک فوج کے جوان کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لئے چوکس اور پوری طرح تیار تھے جنھوں نے ان دہشت گردوں کو روکا اور فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں دس سے زیادہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ پانچ فوجی جوان بھی جام شہادت نوش کر گئے جن میں نائیک ثناء اللہ،نائیک صفدر ، سپاہی الطاف،سپاہی نیک محمد اور سپاہی انور شامل ہیں ان شہدا کے جسد خاکی پشاور لائے گئے جہاں کور ہیڈ کوارٹرز میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں گورنر خیبر پختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا، وزیرا علی پرویز خٹک،کور کمانڈر پشاور لیفٹینینٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور دیگر سینئر فوجی و سول حکام نے شرکت کی بعد ازاں ان شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں میں لے جائے گئے جہاں انھیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ نے ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے وطن کی مٹی کی خاطر اپنی جانیں قربان کر دیں ساتھ ہی انہوں نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پاک فوج کے جوانوں کی بہادری کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے بر وقت اور موثر جواب دیا ان کا کہنا تھا کہ افغان حکام کو چاہیئے کہ وہ سرحد پر اپنی طرف اپنے فوجی جوان تعنیات کریں تاکہ افغان سرحد کی سیکیورٹی موثر ہو دہشت گرد دونوں ممالک کے لئے مشترکہ خطرہ ہیں اور ان کی پاک افغان سرحد پر نقل و حرکت کو روکا جائے دوسری طرف وزیر اعظم نواز شریف نے بھی اپنے ایک بیان میں ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وطن کے دفاع کے لئے جانیں قربان کرنے والے ہمارے ہیروز ہیںترجمان دفتر خارجہ نے اس حملہ کی شدید مذمت کی اور کہا کہ وطن کی خاطر جانیں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے یہ معاملہ افغانستان میں موجودہ امریکی اتحادی افواج کے کمانڈر کے ساتھ اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور اس سارے واقعے کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔

دوسری جانب رات گئے پاک فوج نے افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانے پر بڑا حملہ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ اطلاعات کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب پاک افغان سرحد پر پاک فوج پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے افغانستان میں موجود ٹھکانوں پر بڑا حملہ کیا گیا ہے۔ حملے میں 6 خطرناک اور انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ہلاکت کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔ ان دہشت گردوں میں کچےباجوڑی، زارمحمد عرف مدنی، حذیفہ، سنگارے، لخکڑی اور سنگین نامی دہشت گرد شامل ہیں۔