پی ایس ایل پاکستان کو کھیلوں کے دور میں واپس لیجانے کی طرف پہلا قدم ہے، پاکستانی قوم تمام تر مشکلات اور خدشات کے باوجود زیادہ مضبوط، زیادہ متحد اور زیادہ خوشحال بن کر ابھری ہے،دنیا پر ثابت کردیا تنہائی کے دن ختم ہو گئے

وزیر اعظم محمد نوازشریف کا پیغام

اتوار 5 مارچ 2017 21:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر مارچ ء) وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم تمام تر مشکلات، خدشات اور تقسیم کے باوجود زیادہ مضبوط، زیادہ متحد اور زیادہ خوشحال بن کر ابھری ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ 4 برسوں میں ہم مضبوط، محفوظ اور مستحکم ہوئے ہیں اور قومی امنگوں کے مطابق سازگار ماحول کی فراہمی میں کامیاب ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان نے دنیا پر یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہمارے تنہائی کے دن ختم ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ہم سب کا پسندیدہ کھیل ہے۔ وزیراعظم نے مسرت کا اظہار کیا کہ منتظمین نے عوام کو اپنی پسند کا کھیل دیکھنے اور اپنے جذبات کے اظہار کی تکمیل کا موقع فراہم کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ پاکستان کو کھیلوں کے دور میں واپس لیجانے کی طرف پہلا قدم ہے اور مستقبل کیلئے ایک مثبت علامت ہے۔