پاکستان کو ترقیاتی ریاست میں تبدیل کرنا حکومت کا وژن ہے ،نوازشریف

ہفتہ 4 مارچ 2017 16:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مارچ ء)وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقیاتی ریاست میں تبدیل کرنا حکومت کا وژن ہے ،فاٹا اور گلگت بلتستان سمیت تمام صوبوں یکساں حقوق فراہم کرنا ناگزیر ہے ، ملک کی تمام اکائیوں میں یکساں ترقی کے بغیر حکومتی وژن کی تکمیل نہیں ہوسکتی،وادر بندر گاہ سے بلوچستان اور خطے کے عوام کی زندگیاں بدل جائیں گی۔

اتوار کے روز وزیراعظم نوازشریف سے وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی جہاں پر انہوں نے وزیراعظم نوازشریف کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا ۔اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کو ترقیاتی ریاست میں تبدیل کرنا حکومت کا وژن ہے اور ملک کی تمام اکائیوں میں یکساں ترقی ناگزیر ہے ، تمام صوبوں کو ملکی وسائل پر یکساں حق حاصل ہے اور تمام صوبوں کو وسائل کی تقسیم یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فاٹا اور گلگت بلتستان کو بھی یکساں وسائل فراہم کرنا چاہتے ہیں جبکہ بلوچستان میں جاری منصوبوں اور سکیموں کی رفتار کی خود نگرانی بھی اس بات کی عکاس ہے حکومت ملک میں ترقی کے ایجنڈے پر گامزن ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ گوادر بندر گاہ سے بلوچستان اور خطے کے عوام کی زندگیاں بدل جائیں گی اور حکومت کے ترقیاتی اقدامات سے بلوچستان کے عوام بااختیار ہوں گے آج حکومتی اقدامات کی بدولت بلوچ عوام کو بہتر زندگی کا ادراک ہو گا کیو نکہ حکومتی اقدامات کی بدولت ملک میں سلامتی کی صورتحال بہتر ہورہی ہے ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ عوامی بہبود کے منصوبوں پر نئے جذبے سے کام ہورہا ہے اوروفاقی حکومت کے اقدامات سے صوبے کی محرومی کا خاتمہ ہوا ہے ۔